مشیر صحت کی زیر صدارت اجلاس میں بہاولپور میں کانگووائرس کی صورتحال کا جائزہ

فرائض کی ادائیگی میں ڈاکٹر صغیر نے جان دیکر شہید کا درجہ حاصل کیا ہے‘خواجہ سلمان رفیق

ہفتہ 30 جولائی 2016 18:04

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 جولائی ۔2016ء) مشیر وزیراعلی پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت ہفتہ کے دن سول سیکرٹریٹ کمیٹی روم میں بہاولپور اورلودھراں میں کانگو وائرس کی روک تھام کے اقدامات کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس منعقد ہوا جس میں سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈمیڈیکل ایجوکیشن نجم احمدشاہ، سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ علی جان خان، سیکرٹری لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ نسیم صادق، ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر مختار حسین سید،عالمی ادارہ صحت کے ڈاکٹر جمشیداورشعبہ سی ڈی سی کے ڈاکٹروں نے شرکت کی جبکہ ویڈیولنک پر کمشنر بہاولپور، قائداعظم میڈیکل کالج بہاولپور کے پرنسپل کے علاوہ لاہور سے خصوصی طو رپرگئے ہوئے ماہرین پروفیسر ثاقب سعید، پروفیسرثوبیہ قاضی اور لودھراں کے ڈی سی او و دیگر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فرائض کی ادائیگی میں جان دینے والے سرجن ڈاکٹر صغیر کو خراج تحسین پیش کیاگیا اورانکی مغفرت کے لئے دعا کی گئی ۔اجلاس کے شرکاء نے کہا کہ ڈاکٹر صغیر نے فرض کی ادائیگی میں جان دے کر شہید کا رتبہ حاصل کیا ہے ۔سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر نجم احمد شاہ نے کہاکہ مرحوم ڈاکٹر صغیر BVH کی کالونی میں رہائش پذیر تھے مذکورہ رہائش انکی فیملی کے پاس ہی رہے گی۔

ویڈیولنک پر طبی ماہرین اور ڈی سی او لودھراں نے بتایاکہ کانگو سے متاثرہ ڈاکٹرز اور نرس کے خاندان کے افراد اور دیگر متعلقین کو قرنطینہ میں رکھ کر سرویلنس کی گئی لیکن اﷲ کے فضل سے تمام افراد مکمل طور پر تندرست ہیں ۔ سیکرننگ کے بعد بیشتر لوگوں کی آئسولیشن ختم کر دی گئی ہے صرف چند لوگوں کو قرنطینہ میں رکھا گیاہے ۔ہسپتال کے وارڈ او رآپریشن تھیٹر میں فمیگیشن کرا دی گئی ہے ۔

ڈاکٹرصغیر مرحوم کے 52 متعلقین کے بلڈ سیمپل لیئے گئے ہیں لیکن تمام کے پلیٹ لیٹس کی تعداد ٹھیک ہے اور تمام لوگStable ہیں ۔سیکرٹری لائیوسٹاک نسیم صادق نے بتایا کہ انکے محکمہ کی پانچ ٹیمیں لودھراں میں کام کررہی ہیں اور مویشیوں کے سیل پوائنٹس پر آگاہی مہم شروع کر دی گئی ہے اور بینرز بھی آویزاں کئے گئے ہیں۔خواجہ سلمان رفیق نے افسران کو ہدایت کی کہ صورتحال پر کڑی نگاہ رکھی جائے اوربہاول وکٹوریہ ہسپتال میں کانگو کے مریضوں کے علاج کے لئے آئسولیشن وارڈ مختص رکھا جائے تاکہ اگر کوئی کیس سامنے آئے تو اس کا ایس او پیز کے مطابق علاج معالجہ یقینی بنایا جا سکے ۔

ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر مختار حسین سید نے کہاکہ ڈاکٹروں و نرسز کو کسی بھی مشتبہ کانگو وائر س کا علاج معالجہ کرتے وقت حفاظتی کٹ لازمی پہننے کی خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

متعلقہ عنوان :