وزیراعلیٰ سندھ کا وزیر اعلی ہاؤس کے باہر تمام رکاوٹیں ختم کرنے کا حکم

وزیر اعلی ہاؤس کے باہر تمام کنٹینر اور رکاوٹیں بھی ہٹا دی گئیں اور پی آئی ڈی سی ہاؤس سے کلفٹن جانے والی شاہراہ کو پبلک ٹرانسپورٹ کیلئے کھول دیا گیا

ہفتہ 30 جولائی 2016 17:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 جولائی ۔2016ء) وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے وی آئی پی پروٹوکول ختم کرنے کا پہلا قدم اٹھاتے ہوئے وزیر اعلی ہاؤس کے باہر تمام رکاوٹیں ختم کرنے کا حکم دیدیا ہے اور وزیر اعلی ہاؤس کے باہر وی آئی پی پروٹوکول کیلئے لگائی گئی رکاوٹیں ختم کردی گئیں ہیں۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی ہاؤس کے باہر تمام کنٹینر اور رکاوٹیں بھی ہٹا دی گئیں اور پی آئی ڈی سی ہاؤس سے کلفٹن جانے والی شاہراہ کو پبلک ٹرانسپورٹ کیلئے کھول دیا گیا ہے، اس طرح وزیر اعلی سید مراد علی شاہ کا وی آئی پی پروٹوکول کیخلاف یہ پہلا قد م ہوگا۔

اس سے قبل سندھ کے نئے وزیر اعلی سید مرادعلی شاہ نے وزیر اعلی ہاؤس پہنچ کراپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں، نومنتخب وزیر اعلی کی سی ایم ہاؤس آمد کا اعلان بگل بجا کر کیا گیا جبکہ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا جبکہ مراد علی شاہ کا سی ایم ہاؤس اسٹاف نے استقبال کیا۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی صدارت میں پہلا اجلاس سیکریٹریز کے ساتھ ہوا، اجلاس میں سندھ کے نئے وزیراعلی نے کہا کہ اچھی حکمرانی قائم کرنا میرا مشن ہے، تمام کام قانون کے مطابق ہونے چاہئے، رائٹ مین فار رائٹ جاب میری پالیسی ہے اور میرٹ کے علاوہ کچھ نہیں۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ میں عوام کی خدمت کرنے آیا ہوں اور سب کو میرابھرپور ساتھ دینا ہے ۔سیکریٹریز میرے بازو ہیں اور انھیں حکومت کے کام کو آگے بڑھانا ہے۔واضح رہے کہ وزیر اعلی سندھ نے گذشتہ روز اپنے خطاب میں کہا تھا کہ وہ وی آئی پی پروٹوکول کیخلاف ہیں اور وہ کم پروٹوکول لیں گے۔

متعلقہ عنوان :