سی ٹی او طیب حفیظ چیمہ کاٹریفک آگاہی کیمپ کا وزٹ ،شہریوں میں آگاہی پمفلٹس اور پھول تقسیم جکیے

ہفتہ 30 جولائی 2016 17:45

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 جولائی ۔2016ء)چیف ٹریفک آفیسر لاہورطیب حفیظ چیمہ نے شہریوں کوون ویلنگ جیسے خونی کھیل سے دور رکھنے اورمحفوظ سفر کا شعور بیدار کرنے کیلئے الحمراء چوک مال روڈ پر لگائے گئے ٹریفک آگاہی کیمپ کا وزٹ کیا۔اٹلس ہنڈا کی معاونت سے لگائے گئے کیمپ میں سی ٹی او کے ہمراہ مینجر اٹلس ہنڈا تسلیم شجاع ،مقامی تنظیم کے عہدیداران میڈیا کے نمائندے اور شہری شریک تھے۔

سی ٹی او نے کہا کہ 15جولائی سے شروع ہونے والی ٹریفک آگاہی مہم 14اگست تک جاری رہے گی۔ چیف ٹریفک آفیسر طیب حفیظ چیمہ نے کیمپ میں شہریوں کو آگاہی پمفلٹس اور پھول تقسیم کیئے بعد ازاں اپنی نگرانی میں مال روڈ پر کمسن ڈرائیورز اور بوگس نمبر پلیٹ والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کرائی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہر کی اہم شاہراہوں اور چوکوں پر ون ویلنگ کے خاتمے اور لوگوں میں شعور اجاگر کرنے بارے بورڈ ،بینرز آویزاں کیئے جارہے ہیں ۔

انہوں نے انچارج ٹریفک ایجوکیشن ٹیم کو ہدایت کی کہ شہریوں کو خصوصی طور پرون ویلنگ کے نقصانات بارے بریف کرتے ہوئے روڈ سیفٹی ،ون ویلنگ بارے لیکچر ز کا باقاعدگی سے اہتمام کریں ۔طیب حفیظ چیمہ نے آگاہی کیمپ میں لیکچرکے دوران کہا کہ ہم سب کااخلاقی فرض ہے کہ ہم اپنے پیاروں کواس کھیل سے دوررکھیں، نوجوان نسل مستقبل کاقیمتی اثاثہ ہیں اور ملک وقوم کے مستقبل کوون ویلنگ کی نذر ہو نے نہیں دیا جا ئے گابلکہ ہمیں انکی توانائیوں کوتعمیراتی کاموں کیلئے وقف کرناچاہیے۔

آگاہی کیمپ میں مقامی تنظیم کے رہنما ذوالفقار حسین نے کہا کہ ہم سٹی ٹریفک پولیس کی ون ویلنگ کی حوصلہ شکنی بارے جاری مہم میں شانہ بشانہ کوشش کریں گے کہ نوجوان نسل کو اس سے بچایا جا سکے ۔سی ٹی او نے میڈیا کو بریف کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کو اس خونی کھیل سے دور رکھنے میں میڈیا اور والدین کو اپنا اخلاقی کردار ادا کرنا ہوگا۔