پاکستانی قوم میں نقصانات کے آزالے اورملک کوترقی کی راہ پرگامزن کرنے کی صلاحیت موجود ہیں،اقبال ظفرجھگڑا

وکلاء معاشرے کے ایک باوقار طبقے کے رکن ہیں اور قوم کو ان سے یہ سب کچھ ممکن بنانے کیلئے قابل قدرکردار ادا کرنے کی توقع ہے،گورنرخیبرپختونخوا

ہفتہ 30 جولائی 2016 17:37

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 جولائی ۔2016ء)خیبرپختونخوا گورنر اقبال ظفر جھگڑانے کہاہے کہ قدرت نے ہمیں بہت ہی خوبصورت ملک ، فعال و مستعد اور محنتی عوام سے نوازا ہے اور بلاشبہ ہمارے اندر نہ صرف ماضی میں وقتاً فوقتاً بحران زدہ حالات کی وجہ سے پہنچنے والے نقصانات کے ازالے بلکہ اپنے وطن کو ترقی وخوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کی بھی صلاحیت موجود ہیں۔

ہفتہ کے روز نشتر ہال پشاور میں پشاور بار ایسو سی ایشن کی حلف برداری تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے گورنرنے کہا کہ موجودہ حالات میں تمام طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے خصوصاً وکلاء صاحبان پر بھاری ذمہ داری عائد ہو تی ہے کیونکہ انہوں نے نہ صرف لوگوں کو انصاف کی فراہمی بلکہ قانون کی عملداری میں حکومت کے ساتھ تعاون بھی کرنا لازمی ہو تا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پرڈپٹی اٹارنی جنرل منظور خلیل ، صدر پشاور بار ایسوسی ایشن امجدعلی خان مروت ایڈوکیٹ اور دیگر اعلی سرکاری حکام بھی موجود تھے۔ تقریب میں پشاوربارایسوسی ایشن کے عہدیداروں کے علاوہ تمام تحصیل بارکونسلوں کے اراکین نے بھی شرکت کی۔ وکلاء برادری کی وطن عزیز میں قومی اداروں کی ترقی ، عدلیہ کی آزادی ، جمہوری اقدار کے فروغ، معاشرے میں منصفانہ بنیادوں پر سماجی اقدار کے استحکام اور عوام کی اظہار رائے کی آزادی کے سلسلے میں قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے گورنرنے یہ امر بھی واضح کیا کہ ہمیں اپنی ان مثبت سماجی ومعاشرتی اقدار اور خوشگوار ماحول کو بھی بحال کرنا ہے جو ماضی میں بعض مشکل حالات کی بناء پر متاثرہوئے تاکہ ایک عام شہری اعتماد اور حفاظت کے احساس کے ساتھ معاشرے میں اپنی زندگی سکون سے بسرکرسکیں۔

انہوں نے وکلاء برادری کو مخاطب کرتے ہوئے یہ امر بھی واضح کیا کہ وہ معاشرے کے ایک باوقار طبقے کے رکن ہیں اور قوم کو ان سے یہ سب کچھ ممکن بنانے کیلئے قابل قدرکردار ادا کرنے کی توقع ہے۔ گورنرنے کہاکہ ان کے نزدیک انفرادی حیثیت سے احساس ذمہ داری پیدا کرنا ، اپنے آپ کو بحیثیت قوم عمدہ ترین کردار کی حامل ٹیم بنانا، درست اور غلط میں فرق کا احساس اجاگر کرنا اور معاشرے کے ایک ذمہ دار رکن کی حیثیت سے قومی ثقافت کو مستحکم کرناہی بہترین راستہ بھی ہے اور یہ انتہائی قیمتی وقت بھی۔

بار کے نومنتخب صدرامجدعلی خان مروت ایڈوکیٹ کی جانب سے پیش کئے گئے مطالبات کا حوالہ دیتے ہوئے گورنرنے بار کیلئے 15 لاکھ روپے کی گرانٹ کا اعلان کیا۔ قبل ازیں گورنر نے پشاور بار ایسوسی ایشن کے نو منتخب کابینہ کے ممبران سے حلف لیا۔