لاڑکانہ دھماکے میں شہید رینجرز اہلکار شاہد سیال کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی

حملہ سی پیک پر اثر انداز ہونے کی کوشش بھی ہو سکتا ہے، آخری دہشت گرد کے ختم ہونے تک آپریشن جاری رہے گا۔ڈی جی رینجرز

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 30 جولائی 2016 17:36

لاڑکانہ دھماکے میں شہید رینجرز اہلکار شاہد سیال کی نماز جنازہ ادا کر ..

لاڑکانہ(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔30جولائی۔2016ء) لاڑکانہ دھماکے میں شہید رینجرز اہلکار شاہد سیال کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی، دھماکے میں 4 اہلکاروں سمیت 14افراد زخمی ہوئے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق لاڑکانہ کے علاقے میرو خان چوک میں رینجرز کی گاڑی کے قریب بم دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار چار رینجرز اہلکاروں سمیت14 افراد زخمی ہو گئے جنہیں فوری طور پر چانڈکا ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ایک اہلکار آپریشن تھیٹر میں دم توڑ گیا۔

دھماکے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا۔ واقعے کے نتیجے میں سیکورٹی فورسز نے 2 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ نومنتخب وزیراعلیٰ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی لاڑکانہ کو ملزموں کی فوری گرفتاری کی ہدایت جاری کی۔

(جاری ہے)

ابتدائی رپورٹس کے مطابق بم کو رینجرز چوکی کے قریب ایک سائیکل میں نصب کیا گیا تھا۔واضح رہے کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں اکثر وبیشتر رینجرز اہلکاروں کو نشانہ بنایا جاتا رہتا ہے۔

رینجرز اہلکار کی نماز جنازہ میں شرکت کے بعد ڈی جی رینجرز نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے اس عزم کو ایک بار پھر دہرایا کہ دہشت گردوں کے خلاف آخری حد تک جائیں گے۔میجر جنرل بلال اکبر نے کہا کہ حملہ سی پیک پر اثر انداز ہونے کی کوشش بھی ہو سکتا ہے، آخری دہشت گرد کے ختم ہونے تک آپریشن جاری رہے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ واقعہ ٹارگٹڈ تھا، دہشت گردوں نے رینجرز اہلکاروں کو نشانہ بنانے کے لئے 2 سائیکلیں استعمال کیں۔

ڈی جی رینجرز نے کہا کہ دھماکے میں استعمال ہونے والا ایسا مواد پہلے بھی کچھ واقعات میں دیکھا گیا ہے، مجرم کہیں بھی جائے گا، کارروائی کریں گے۔ ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر کا کہنا ہے کہ دہشت گردی میں ایسی تنظیمیں ملوث ہیں جو ملک میں امن نہیں دیکھنا چاہتیں۔