وزیر اعلیٰ سندھ کی زیر صدارت پہلا باقاعدہ اجلاس،چیف سیکرٹری و دیگرا فسران کی شرکت

افسران اپنے دفاتر میں باقاعدگی سے بیٹھ کر کام کریں اور عوام کی خدمت کریں ،سید مراد علی شاہ کی ہدایت

ہفتہ 30 جولائی 2016 17:23

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 جولائی ۔2016ء ) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت ہفتہ کو پہلا باقاعدہ اجلاس چیف منسٹر ہاؤس میں منعقد ہوا ، جس میں چیف سیکرٹری اور صوبائی محکموں کے انتظامی سیکرٹریز نے شرکت کی ۔ وزیر اعلیٰ نے سندھ کی بیورو کریسی کو اپنی پالیسی گائیڈ لائنز دیں ۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ تمام افسران ، چاہے ان کا تعلق صوبائی محکموں سے ہو یا ضلعی انتظامیہ سے ، اپنے دفاتر میں باقاعدگی سے بیٹھ کر کام کریں اور عوام کی خدمت کریں ۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی محکموں کے انتظامی سربراہان میرا بازو ہیں اور انہیں حکومتی امور میں آگے بڑھ کر کام کرنا ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیکرٹریز ، کمشنرز ، ڈپٹی کمشنرز ، ڈی آئی جیز اور ایس پیز عوام کے مسائل حل کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں ۔

(جاری ہے)

سید مراد علی شاہ نے کہا کہ اچھی حکمرانی قائم کرنا میرا مشن ہے ۔ تمام کام قانون کے مطابق ہونے چاہئیں ۔

انہوں نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کی بروقت تکمیل اور کاموں کے معیار پر سمجھوتہ میری ڈکشنری میں نہیں ہے ۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ غیر ملکی امداد سے چلنے والے منصوبوں کے پروجیکٹ ڈائریکٹرز کو سخت محنت کرنا ہو گی اور غفلت کی کوئی گنجائش نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں عوام کی خدمت کرنے آیا ہوں اور سب کو میرا بھرپور ساتھ دینا ہو گا ۔ وزیر اعلیٰ نے چیف سیکرٹری سندھ کو ہدایت کی کہ سیکرٹریز اور دیگر اہم عہدوں کے لیے خالی اسامیوں کو پر کرنے کے لیے انہیں تجاویز دی جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ میری پالیسی ’’ رائٹ مین فار رائٹ جاب ‘‘ ہے ۔ میرٹ کے علاوہ کچھ نہیں ہو گا ۔

متعلقہ عنوان :