عائشہ ممتاز کی دبنگ کارروائی، لاہوریوں کو مردار گوشت کھانے سے بچالیا

ہفتہ 30 جولائی 2016 17:02

عائشہ ممتاز کی دبنگ کارروائی، لاہوریوں کو مردار گوشت کھانے سے بچالیا

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 جولائی ۔2016ء) پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ڈائریکٹر عائشہ ممتاز کی شہریوں کو مردار گوشت سے بچانے کی ایک اور کامیاب کوشش، شیراکوٹ پولیس کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے مردہ گائے قبضہ میں لے کر3ملزمان کو گرفتار کرلیاجبکہ کریک ڈاؤن کے دوران غیرمعیاری دودھ بیچنے پر متعدد ملک شاپس کو بھی سربمہر کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق شیخوپورہ سے ملزمان رضوان حیدر،محمد یاسین اورمحمد طارق مردہ گائے لاہور لارہے تھے جن کو شیراکوٹ پر لگے پولیس اور پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ناکہ پر پکڑ لیا گیا۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ڈائریکٹرعائشہ ممتاز کے مطابق 6من گوشت لاہور میں فروخت کیا جانا تھا جس کو قبضہ میں لے لیا گیا ہے۔انکا کہنا تھا کہ شہر میں مردار اور مضر صحت گوشت کی فروخت کے خلاف کریک ڈاؤن کے باعث اب دوسرے شہروں سے گوشت لاہور لایا جا رہا ہے جسکے خلاف پی ایف اے ہر ممکن کارروائی کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب پنجاب فوڈ اتھارٹی نے شاہدرہ میں مجاہد ملک شاپ، کرامت ملک شاپ، بھٹی ملک شاپ ، فضل ملک شاپ، شفیع ملک شاپ اور زاہد ملک شاپ کو سربمہر کر دیا۔نشترٹاؤن کے اتحاد پارک میں بسم اللہ قصوری ملک شاپ، ہجویری ملک شاپ، اللہ توکل ملک شاپ، غوث پاک ملک شاپ کو بھی سربمہر کر دیا گیا۔ملازمین کے میڈیکل سرٹیفکیٹس نہیں تھے ، دوکانوں پر مکھیوں کی بھرمار تھی ، صفائی کے ناقص انتظامات اور غیرمعیاری دودھ بیچنے پر سربمہر کیا گیا ، دودھ کے نمونے لیبارٹری بھی بھجوا دیئے گئے ہیں۔