بھارت کا ایک بار پھر کنٹرول لائن کے ذریعے پاکستان پر دراندازی کا الزام عائد‘دو مبینہ جنگجو ہلاک کرنے کا دعویٰ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 30 جولائی 2016 16:59

بھارت کا ایک بار پھر کنٹرول لائن کے ذریعے پاکستان پر دراندازی کا الزام ..

سری نگر(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔30جولائی۔2016ء) بھارت نے ایک بار پھر کنٹرول لائن کے ذریعے پاکستان پر دراندازی کا الزام عائد کرتے ہوئے دو مبینہ جنگجو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے جبکہ پاکستان نے بھارتی الزام کی تردید کرتے ہوئے اسے مستردکیا ہے۔بھارتی نشریاتی ادارے کے مطابق بھارتی فوج نے بیان جاری کیا ہے کہ لائن آف کنٹرول کے ذریعے گزشتہ شب مشتبہ دہشتگردوں نے سرحد پار سے مقبوضہ کشمیر میں داخل ہونے کی کوشش کی اور فائرنگ کے تبادلے میں دو کشمیری حریت پسند مارے گئے۔

بھارتی فوج کے کرنل این این جوشی نے بتایا کہ دہشتگردوں اور فوجی اہلکاروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ سری نگر کے شمال مغرب کی طرف 75 میل کے فاصلے پر واقع نوگام سیکٹر میں پیش آیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید بتایا کہ فائرنگ کے نتیجے میں بھارتی فوج کے دو اہلکار بھی ہلاک ہوئے جبکہ ایک فوجی شدید زخمی ہے۔واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں 8 جولائی کو حزب المجاہدین کے کمانڈر برہان وانی کی ہندوستانی فورسز کے ہاتھوں شہادت کے بعد سے حالات کشیدہ ہیں اور فورسز کی فائرنگ سے اب تک 60 سے زائد کشمیری شہید ہوچکے ہیں جبکہ سینکڑوں زخمی ہیں۔

گزشتہ 23 دن سے کشمیر میں کرفیو نافذ ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، سکول اور کاروباری مراکز بند ہیں جبکہ انٹرنیٹ سروس بھی معطل ہے، موبائل نیٹ ورکس جزوی طور پر بحال ہونا شروع ہوگئے ہیں۔بھارت ہمیشہ پاکستان پر الزام لگاتا ہے کہ وہ مسلح جنگجوﺅں کو کنٹرول لائن کے ذریعے بھیجتا ہے جو اس کے فوجیوں پر حملے کرتے ہیں۔تاہم پاکستان اس الزام کی سختی سے تردید کرتا ہے اور اس کا موقف ہے کہ وہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی محض سفارتی اور اخلاقی معاونت کرتا ہے۔