گیس ملنے کے بعد فروری میں نندی پور پاور پلانٹ سے 425کی بجائے 525میگا واٹ بجلی حاصل ہونا شروع ہو جائیگی‘ وزیر پانی وبجلی

ہفتہ 30 جولائی 2016 16:28

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 جولائی ۔2016ء) وفاقی وزیر پانی وبجلی خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ گیس ملنے کے بعد آئندہ سال فروری میں نندی پور پاور پلانٹ سے 425کی بجائے 525میگا واٹ بجلی حاصل ہونا شروع ہو جائے گی ، ٹریٹمنٹ پلانٹ اگست کے آخر تک انسٹال ہو جائے گا اور یہ معاہدے کے مطابق کنٹریکٹر کے ذمے ہے ۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ نندی پور پاور پراجیکٹ سے 425میگا واٹ کے حصول کے حوالے سے میرے دعوے کو کنفیوژ کیا گیا ہے ۔

میں نے کہا تھاکہ ٹریٹمنٹ پلانٹ کے بغیر یہ پلانٹ اس استعداد پر نہیں چل سکتا ۔ اگست میں پلانٹ ڈلیور ہو رہا ہے اور آئندہ ماہ کے آخر تک اسے انسٹال کر دیا جائے گا اور یہ کنٹریکٹ کی اپنی کاسٹ پر ہے اور ستمبر میں ہم اسے 425میگا واٹ کی استعداد پر چلانا شروع کر دیں گے۔

(جاری ہے)

ہم نے گیس پائپ لائن کے لئے بھی پیسے جمع کر ادئیے ہیں اور فروری میں ہمیں پوری گیس ملنا شروع ہو جائے گی اور ہمیں ایل این جی بھی ملے گی جس سے اسکی استعداد مزید 100میگا واٹ بڑھ جائے گی اور یہ 425کی بجائے 525میگا واٹ کا حامل منصوبہ ہوگا ۔

انہوں نے بتایا کہ اس وقت تک تین ٹربائنز چل رہی ہیں ، ٹربائن کھلنے اور اس کی ری سمبلنگ ہوتی ہے اور تجربے پر 45دن درکار ہوتے ہیں لیکن یہ کام معاہدے کا حصہ ہے اور کنٹریکٹر کے خرچے پر ہورہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ جون میں ہم نے اسے 260میگا واٹ پر چلایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فروری میں یہ پلانٹ گیس پر چلنا شروع ہو جائے گا اور اس سے 425کی بجائے 525میگا واٹ بجلی میسر آئے گی۔

متعلقہ عنوان :