عوام کو ہر طرح کی سہولیات دینا اور ضلعی عدلیہ کو فعال بنانا اولین ترجیح ہے‘ چیف جسٹس لاہورہائی کورٹ

ہفتہ 30 جولائی 2016 16:28

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 جولائی ۔2016ء) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مسٹر جسٹس سید منصور علی شاہ نے کہا ہے کہ صوبے کی عوام کو ہر طرح کی سہولیات فراہم کرنا، مقدمات کے جلد فیصلے کرنا اور ضلعی عدلیہ کو فعال بنانا اولین ترجیح ہے، صبح و شام سائلین کو سہولیات دینے کیلئے کوشاں ہیں۔ ان خیالات کا اظہار فاضل چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے صوبہ بھر کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالتوں کے آئی ٹی فوکل پرسنز سے ملاقات کے موقع پر کیا۔

فاضل چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ عدالت عالیہ لاہور اور تمام ضلعی عدالتوں میں کام کرنے والے آئی ٹی سسٹم دیکھ کر بہت مسرت ہوئی مگر ہمارا مقصد عدالت عالیہ کو صوبے بھر کی تمام ضلعی عدلیہ کے ساتھ منسلک کرنا ہے جس کیلئے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے ماہرین اور مشہور آئی ٹی کمپنیوں ٹیکنالوجکس اور سپیریڈین کی مدد سے انٹرپرائز لیول کمپیوٹر سسٹم لا رہے ہیں، جس کی بدولت صوبے بھر کی عدلیہ کو آن لائن کر دیا جائے گا، جس سے شفافیت اور کارکردگی میں بہتری آئے گی۔

(جاری ہے)

فاضل چیف جسٹس نے کہا کہ صوبے بھر کی ہر ڈویژن کے آئی ٹی فوکل پرسنز منتخب کئے جائیں گے جو عدالت عالیہ کے ججز جسٹس عائشہ اے ملک اور جسٹس عابد عزیز شیخ کی سپرویژن میں کام کریں گے۔ ضلعی عدلیہ میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے، ڈیٹا انٹری آپریٹرز کی پوسٹ کو آئی ٹی اسسٹنٹ سے تبدیل کر کے اپ گریڈ کیا جائے گا۔ فاضل چیف جسٹس نے ہدایت کی تمام ضلعی عدالتوں میں مقدمات کا فزیکل ویری فکیشن آڈٹ کیا جائے اور تمام ڈیٹا آن لائن کیا، اسے سے مقدمات کی درجہ بندی کرکے جلد نمٹانے میں مدد ملے گی۔

فاضل چیف جسٹس نے کہا کہ پورے صوبے میں سہولت سنٹرز بنائے جائیں گے جنکا ہیلپ نمبر یکساں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے سائلین کو ریلیف دیناہے، پروفیشنل انداز میں کام کرنا ہے اور آئندہ نسلوں کو جدید سسٹم دینا ہے۔

متعلقہ عنوان :