پیرس حملوں کی منصوبہ بندی کے الزام میں پاکستانی شہری کو آسٹریا سے گرفتار کرکے فرانس کے حوالے کردیا گیا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 30 جولائی 2016 16:27

پیرس حملوں کی منصوبہ بندی کے الزام میں پاکستانی شہری کو آسٹریا سے گرفتار ..

پیرس(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔30جولائی۔2016ء) فرانس کے حکام نے پیرس میں ہونے والے حملوں میں ملوث شدت پسند تنظیم داعش کے 2 مشتبہ ارکان پر دہشت گردی کے الزامات عائد کردیئے، جن میں مبینہ طور پر ایک پاکستانی بھی شامل ہے۔ نومبر 2015 میں پیرس میں دہشت گردوں نے 6 مقامات پر حملے کیے تھے، دھماکوں اور فائرنگ کے یکے بعد دیگرے واقعات میں 130 ہلاکتیں ہوئی تھیں، جبکہ حملوں کی ذمہ داری شدت پسند تنظیم داعش نے قبول کی تھی۔

فرانسیسی ذرائع ابلاغ نے عدالتی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ 29 سالہ الجیرین عدیل حدیدی اور 35 سالہ پاکستانی محمد عثمان پر دہشت گردوں کے ساتھ مل کر مجرمانہ سازش کے الزامات عائد کیے گئے۔تفتیش کاروں کا ماننا ہے کہ مذکورہ ملزمان نے 3 اکتوبر کو یونانی جزیرے لیروس سے پناہ گزینوں سے بھری ا±سی کشتی میں سفر کیا،جس میں 13 نومبر کے حملہ آور بھی سوار تھے۔

(جاری ہے)

عراقی تصور کیے جانے والے مذکورہ حملہ آوروں نے خود کو فرانس کے اسٹیڈیم کے باہر دھماکے سے اڑایا تھا۔رپورٹ کے مطابق حدیدی اور عثمان کو سب سے پہلے شام کا جعلی شناختی کارڈ رکھنے کے جرم میں یونانی حکام نے گرفتار کیا تھا، جنھیں 25 روز حراست میں رکھنے کے بعد چھوڑ دیا گیا تھا۔بعدازاں یہ دونوں پیرس حملوں کے بعد گذشتہ برس نومبر کے آخر میں مغربی آسٹریا کے شہر سالزبرگ چلے گئے۔

آسٹریا پولیس کے کمانڈوز نے انھیں دسمبر 2015 میں پناہ گزینوں کے ایک کیمپ سے گرفتار کیا، جس کی اطلاع فرانسیسی حکام کی جانب سے دی گئی تھی کہ یہ دونوں ملزمان آسٹریا میں موجود ہوسکتے ہیںآسٹرین پولیس کے مطابق اپنی گرفتاری تک یہ دونوں داعش سے مسلسل رابطے میں تھے۔ذرائع ابلاغ کے مطابق گرفتاری کے بعد حدیدی نے تفتیش کاروں کو بتایا کہ وہ فرانس جانا چاہتا تھا،تاکہ اپنا مشن مکمل کرسکے۔

تفتیش سے آگاہ ایک قریبی ذرائع نے بتایا کہ حدیدی کا کہنا تھا کہ اسے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ پیرس حملوں میں حصہ لینا تھا ۔تاہم فرانس کی جانب سے یورپین وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے بعد آسٹریا میں سالزبرگ کی ایک عدالت نے اسے قبول کرتے ہوئے مذکورہ افراد کو جولائی کے آغاز میں فرانس کے حوالے کردیا۔رپورٹ کے مطابق عثمان کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ اس کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے، جو بم بنانے کا ماہر ہے۔دوسری جانب عثمان نے خود کو آسٹریا سے فرانس منتقل کیے جانے کے حوالے سے ایک اپیل بھی دائر کی جس میں کہا گیا کہ فرانس میں اس کا شفاف ٹرائل نہیں کیا جائے گا اور یہ کہ اسے اپنی جان کی حفاظت کے حوالے سے خدشات لاحق ہیں، تاہم اس اپیل کومسترد کردیا گیا۔

متعلقہ عنوان :