مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے جنرل سیکرٹری شاہ غلام قادر بھاری اکثریت سے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے سپیکر منتخب

ہفتہ 30 جولائی 2016 16:14

اسلام آباد ۔ 30 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔30 جولائی۔2016ء) مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے جنرل سیکرٹری شاہ غلام قادر بھاری اکثریت سے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے سپیکر منتخب ہو گئے۔ انہوں نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ ہفتہ کو قانون ساز اسمبلی کے سبکدوش ہونے والے سپیکر سردار غلام صادق کی صدارت میں اجلاس کے دوران سپیکر کا انتخاب عمل میں لایا گیا۔

کل 49 کے ایوان میں 48 اراکین نے اپنے ووٹ کا حق استعمال کیا۔ نومنتخب سپیکر شاہ غلام قادر نے 39 ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کی۔

(جاری ہے)

ان کے مدمقابل پیپلز پارٹی کے عامر عبدالغفار نے 4 اور مسلم کانفرنس کے ملک نواز نے 3 ووٹ حاصل کئے، دو ووٹ مسترد ہوئے۔ سبکدوش ہونے والے سپیکر سردار غلام صادق نے نومنتخب سپیکر سے عہدے کا حلف لیا۔ شاہ غلام قادر نے ایوان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کوشش ہو گی کہ ایوان کو بہتر طور پر چلائیں۔انھوں نے کہا کہ حکومتی اور اپوزیشن ارکان کا احترام ان پر لازم ہے،توقع ہے کہ ایوان کا نظام بہتر طور پر چلانے میں ارکان تعاون کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ قانون کی پابندی کرتے ہوئے آگے بڑھیں گے تاکہ نظام بہتر طور پر چلے۔