ریفرنس دائر کرنیوالوں کو فیصلوں کا انتظار بھی کرنا چاہیے ،ٹی او آرز کمیٹی کا اجلاس بلانے کیلئے اسپیکر سے رابطہ ہوا ہے ‘ پرویز رشید

ہفتہ 30 جولائی 2016 15:30

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 جولائی ۔2016ء) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ ریفرنس دائر کرنے والوں کو فیصلوں کا انتظار بھی کرنا چاہیے ،ایک جماعت اس معاملے میں صرف سیاست کرنا چاہتی ہے ،ٹی او آرز کے حوالے سے اجلاس بلانے کیلئے اسپیکر قومی اسمبلی سے رابطہ ہوا ہے ۔ایک انٹر ویو میں پرویز رشید نے کہا کہ تبدیلی کے نعروں لگانے والوں کو اپنے رویوں میں بھی تبدیلی لانی چاہیے ۔

ہر معاملے میں میں نہ مانوں کی رٹ ملک کے لئے سود مند نہیں ۔ آزاد کشمیر کے انتخابات میں الزامات کی سیاست کو اپنا اوڑھنا بچھونا بنانے والوں نے نتائج حاصل کر لئے ہیں اوراگر انہوں نے اپنے رویہ نہ بدلا تو آئندہ عام انتخابات میں بھی نتائج اس سے مختلف نہیں ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ریفرنس دائر کرنے والوں کو اپنے اداروں پر اعتماد کرنا چاہیے اور ان کے فیصلے کا انتظار کرنا چاہیے، جب تک فیصلہ نہیں آتا سڑکوں پر آنا بلا جواز ہے ۔

عوام صرف حکومت ہی نہیں اپوزیشن کی کارکردگی اور رویے پر بھی نظر رکھے ہوئے ہے اور عوام ہی بہترین فیصلہ کرنے والے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ماضی میں مہم جوئی دیکھ چکے ہیں اس لئے ہمیں کوئی پریشانی لاحق نہیں۔صرف ایک پریشانی ہے کہ لوگ چاہتے ہیں کہ کام ہوتا رہے ،کوئی رکاوٹ پیدا نہ ہو،سرمایہ کاری میں اضافہ ہو لیکن اس قسم کی تحریک سے ترقیاتی کاموں میں رکاوٹ پیدا ہوں گی ۔

متعلقہ عنوان :