حکومت کے خلاف منفی پروپیگنڈہ کرنے والے مسلم لیگ (ن) کی مقبولیت سے خوفزدہ ہیں،عابد شیرعلی

ہفتہ 30 جولائی 2016 15:10

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔30 جولائی۔2016ء) وفاقی وزیرمملکت برائے پانی و بجلی چوہدری عابد شیرعلی نے کہا ہے کہ حکومت کے خلاف منفی پروپیگنڈہ کرنے والے مسلم لیگ (ن) کی مقبولیت سے خوفزدہ ہیں۔ ان کی تمام سازشیں ناکام ہوں گی اور مسلم لیگ (ن) کی حکومت اپنی مدت پوری کریگی‘ ہم جانتے ہیں کہ لیگی دور حکومت میں ملک میں پٹرولیم نرخ کم ہوئے اور لوڈشیڈنگ میں خاطر خواہ کمی واقع ہوئی اس کے علاوہ کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملا اور دہشت گردی میں کمی واقع ہوئی۔

دھرنا پارٹی کا ایجنڈا ملک کو بند کرنا جبکہ نواز شریف کا مشن پاکستان کو آگے لے جانا ہے ۔ بحرانوں میں پھنسے ہوئے ملک کو میاں برادران ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کر رہے ہیں بجلی کے بحران میں نمایاں کمی اس بات کا ثبوت ہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات ثمر آور ثابت ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

حکومت کی بہتر حکمت عملی اور کامیاب پالیسوں کی بدولت ملک میں خوشحالی آ رہی ہے‘ انشاء اللہ وہ وقت دور نہیں جب ملک اندھیروں سے نکل کر روشنیوں میں آ جائے گا اور ملک لوڈشیڈنگ سے نجات حاصل کر لے گا۔

آن لائن کے مطابق ان خیالات کا اظہار نے یونین کونسل 84 اور یونین کونسل 85میں بجلی کی فراہمی کے سلسلہ میں ایک منعقدہ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا، چوہدری عابد شیرعلی نے ایم پی اے میاں طاہر جمیل اور اہلیان علاقہ کے پرزور اصرار پر احمد آباد میں ایک کی بجائے دو سب ڈویژنیں بنانے کا اعلان کیا جس سے واپڈا کا عملہ دو گنا ہو جائے گا اور یہاں کے لوگوں کو بجلی کے مسائل فوری حل ہونے شروع ہو جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ سرکاری کالونیاں ہیں ستم ضریفی کی بات ہے کہ بلڈرز نے یہاں پر غریب لوگوں سے پیسے لیکر اپنی جیبوں میں تو ڈال لئے مگر یہاں ان کی بنیادی ضرورتوں قبرستان‘ سکول‘ مساجد کیلئے کوئی جگہ نہیں چھوڑی جس کی وجہ سے یہاں کے لوگ سخت اذیت میں مبتلا ہیں‘ انہوں نے رہائشیوں سے کہا کہ آپ بلڈرز کو باقی ماندہ رقم مت دیں اور ان سے اپنی بنیادی سہولتوں کا مطالبہ کریں اگر یہ لوگ نہیں دیتے تو ہم سے رابطہ کریں ہم آپ کو ان سے بنیادی سہولتیں چھین کر دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف ملک کوترقی اور خوشحالی کی طرف لے کر جا رہے ہیں مگر ملک دشمن عناصر کو پاکستان کی ترقی ایک آنکھ نہیں بھاتی اور کسی نہ کسی بہانے سے ملک میں ہونے والی ترقی کو روکنے کے درپے ہیں‘ مگر ترقی کا جو عمل شروع ہو چکا ہے وہ پورا ہو کر رہے ہیں اور 2018ء کے الیکشن میں بھی میاں محمد نواز شریف کے سپاہی جیتیں گے‘ انہوں نے کہا کہ میاں برادران نے ہمیشہ عوامی فلاح و بہبود کو ترجیح دی ہے

متعلقہ عنوان :