پاک چین ثقافتی تعلقات کی 65ویں سالگرہ کے موقع پر تقریب

بیجنگ میں تقریب کا انعقاد پاکستانی سفارتخانے کی طرف سے کیا گیا تھا پاکستانی فنکاروں نے اپنے فن کا شاندار مظاہرہ کر کے حاضرین کے دل موہ لئے سفارتی تعلقات کی سالگرہ پر تقریب ہمارے تعلقات کی بہترین مثال ہے ، پاکستانی سفیر

ہفتہ 30 جولائی 2016 14:38

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 جولائی۔2016ء) چین اور پاکستان کے ثقافتی تعلقات کی 65ویں سالگرہ کے موقع پر یہاں ایک خصوصی تقریب منعقد کی گئی ،تقریب کا اہتمام بیجنگ کے پاکستانی سفارتخانے کی طرف سے نیشنل سینٹر برائے آرٹس میں کیا گیا تھا ،اس موقع پر چین میں پاکستان کے سفیر مسعود خالد نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ چین اور پاکستان کی دوستی دنیا بھر میں مثال بن چکی ہے ، دونوں ملکوں کے عوام ایک دوسرے کے لئے دوستانہ اور پرجوش جذبات رکھتے ہیں ، اس تقریب کا دونوں ملکوں کے سفارتی تعلقات کی سالگرہ کے موقع پر انعقاد ہمارے قریبی تعلقات کی ایک اور مثال ہے ۔

سینٹر کوپاکستانی اورچینی پرچموں سے سجایا گیا تھا اور مختلف بینرز آویزاں کئے گئے تھے جن پر پاک چین دوستی کے بارے میں نعرے درج تھے ، اس خصوصی تقریب کے موقع پر پاکستان کے چاروں صوبوں سے آنیوالے فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا اور اس طرح تقریب میں پاکستانی ثقافت کے خوبصورت رنگ بکھر گئے ، اس موقع پر پنجابی بھنگڑا ، بلوچی ، پشتو اور سندھی رقص پیش کئے گئے ، خٹک ڈانس کا بھی شاندار مظاہرہ کیا گیا ، اس موقع پر ڈھول کی تھاپ پر لوک گیت بھی پیش کئے گئے جن سے حاضر ین بے حد محظوظ ہوئے ،فنکاروں کی پرفارمنس اس قدر شاندار تھی کہ حاضر ین پر سحر طاری ہو گیا ، تقریب کا ماحول انتہائی دوستانہ تھا جس میں دونوں ملکوں کے شہریوں نے شرکت کی اور ایک دوسرے کے ساتھ گھل مل گئے ، آرٹس کونسل کے چیئرمین کا مران لاشاری بھی اس موقع پر موجود تھے جو فنکاروں کے گروپ لیڈ ر کے طورپر ان کے ہمراہ آئے تھے، انہوں نے ا س موقع پر کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان بے مثال تعلقا ت ہیں ، چین میں ایسی تقریب کا انعقاد میری خواہش تھی جہاں وہ فنکار آئے ہیں جو اس سے قبل کئی ملکوں میں اپنے فن کا مظاہرہ کر کے داد حاصل کر چکے ہیں ، چینی حاضرین نے اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ہم آپس میں آئرن برادرز ہیں اور دونوں ملکوں کے رہنماؤں نے اس دوستی کو بلندیوں تک پہنچا دیا ہے ، تقریب کے بعد چینی بہت پرجوش اور جذباتی دکھائی دے رہے تھے ۔

(جاری ہے)

یا د رہے کہ فنکاروں کا یہ گروپ پنجاب کے وزیر اعلیٰ میاں شہباز شریف کے حالیہ دورہ چین کے موقع پر ان کے ہمراہ یہاں پہنچا تھا ، چائنا تھری جورجز کارپوریشن اور چائنا کلچرل ہیری ٹیج فاؤنڈیشن نے فنکاروں کو چین آنے کی دعوت دی تھی ۔

متعلقہ عنوان :