شاہدرہ کے علاقے سے 18سالہ نوجوان کے مبینہ اغواء کیخلاف اہل علاقہ کا جی ٹی روڈ پر احتجاجی مظاہرہ

ہفتہ 30 جولائی 2016 14:23

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 جولائی ۔2016ء) لاہور میں شاہدرہ کے علاقے میاں کالونی کے رہائشی 18سالہ نوجوان کے مبینہ اغواء کیخلاف اہل علاقہ نے جی ٹی روڈ پر شدید احتجاجی مظاہرہ کیا ،مشتعل مظاہرین نے ٹائر جلا کر شیخوپورہ لاہور روڈ ٹریفک کے لیے بند کر دی جس کے باعث گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں ۔ مبینہ طور پر اغواء ہونے والے 18سالہ اویس اشرف کے والد کا کہنا ہے کہ ہمارا بیٹا تندور پر کام کرتا ہے اورصبح 4بجے تندور کھولنے کے لئے گیا تو کیری ڈبے میں سوار 4افراد نے اس کے منہ پر رومال رکھ کر اسے بیہوش کر دیا اور گاڑی میں ڈال کر لے گئے جنہیں راہگیروں نے بھی دیکھا ۔

والد نے بتایا کہ اس کی اویس سے بات ہوئی ہے وہ بہت پریشان ہے اور یہ بھی نہیں بتا پا رہا تھا کہ وہ کہاں ہے ۔

(جاری ہے)

واقعہ کی پولیس کی اطلاع دی گئی مگر اس نے حسب روایت کوئی کارروائی نہیں کی۔ جس پر بڑی تعداد میں اہل علاقہ بیگم کوٹ چوک میں جمع ہو گئے اور احتجاج کرتے ہوئے شدید نعرے بازی کی اور مغوی کی بازیابی کا مطالبہ کیا ۔ اس دوران مشتعل مظاہرین نے ٹائر جلا کر شیخوپورہ لاہور روڈ کو بلاک کر دیاجس کے باعث گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں اور مسافروں کو گھنٹوں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔

اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری بھی پہنچ گئی تاہم مظاہرین نے مذاکرات کرنے سے انکار کر دیا اور اپنا احتجاج جاری رکھا ۔ اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ اویس کو نمبر سیالکوٹ سے ٹریس ہوا ہے جسے جلد بازیاب کروالیا جائیگا ۔ تاہم مظاہرین کا کہنا ہے کہ علاقے میں آئے روز اغوا کے واقعات نے ان کو غیر محفوظ کر دیا ہے، اویس کو اغواء کیا گیا ، پولیس اسے فوری بازیاب کروائے اور ملزمان کو گرفتار کیا جائے جبکہ اویس کی بازیابی تک احتجاج کا سلسلہ جاری رکھیں گے ۔ دوسری جانب چیف ٹریفک آفیسر لاہور طیب حفیظ چیمہ نے احتجاج کی صورتحال میں ڈی ایس پی ٹریفک کے بتائے بغیر غیر حاضر ہونے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وضاحت طلب کر لی ۔

متعلقہ عنوان :