لاہور‘ہائی وولٹیج تاروں سے چھو کر زخمی ہونیوالا دس سالہ بچہ زندگی کی بازی ہار گیا ، اقبال ٹاؤن میں کرنٹ لگنے سے دو افراد زخمی

چونگی امرسدھو میں بچے کی ہلاکت پر والدین پر غشی کے دورے ، اہل علاقہ کا شکایات کے باوجود مناسب انتظامات نہ کرنے پر لیسکو کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

ہفتہ 30 جولائی 2016 13:42

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔30 جولائی ۔2016ء) چونگی امر سدھو میں چھت سے گزرنے والی ہائی وولٹیج تاروں سے چھو کر زخمی ہونے والا دس سالہ بچہ میو ہسپتال میں زندگی کی بازی ہار گیا ۔ بتایا گیا ہے کہ چونگی امر سدھو کے علاقہ قائد ملت کالونی کا رہائشی دس سالہ ساجد چھت کے اوپر ہائی وولٹیج تاروں سے کرنٹ لگنے سے بری طرح جھلس گیا تھا جسے جناح ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم حالت نہ سنبھلنے پر مختلف ہسپتالوں میں ریفر کیا جاتا رہا ۔

ساجد کا چند روز سے میو ہسپتال میں علاج جاری تھا جہاں وہ ہفتہ کی صبح زندگی کی بازی ہار گیا ۔

(جاری ہے)

بچے کے انتقال کے بعد والدین پر غشی کے دورے پڑتے رہے ۔ اہل علاقہ نے گھروں کے قریب اور چھتوں کے اوپر سے گزرنے والی ہائی وولٹیج تاروں کو شکایات کے باوجود نہ ہٹائے جانے اور حفاظتی انتظامات نہ کرنے کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اہل علاقہ کا کہنا تھاکہ لیسکو کو بجلی کے بل وصول کرنے کا تو پتہ ہے لیکن عوام کی زندگیوں کا کوئی خیال نہیں۔ بار بار کی درخواستوں کے باوجود مناسب انتظامات نہیں کئے جارہے ۔ایدھی فاؤنڈیشن کے مطابق سکیم موڑ اقبال ٹاؤن میں دو افراد بجلی کے پول سے کرنٹ لگنے سے شدید زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :