پاکستان اور آئی ایم ایف کے مذاکرات جاری، 54 کروڑ ڈالر ملنے کا امکان

ہفتہ 30 جولائی 2016 13:29

دبئی ،اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔30 جولائی۔2016ء) پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات جاری ہیں جو چار اگست کو ختم ہو جائیں گے اور کامیابی کی صورت میں پاکستان کے لئے 54 کروڑ ڈالر ملنے کا امکان بھی ہو گا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کل اتوار سے مذاکرات میں شامل ہو جائیں گے اور چیئرمین ایف بی آر نثار محمد خان بھی وزیر خزانہ کے ساتھ مذاکرات میں شرکت کریں گے۔

(جاری ہے)

اتوار سے پہلے زمینوں کی مالیت اور اس پر ٹیکس کے معاملات طے کئے جائیں گے اور اس سے حاصل ہونے والی اضافی ٹیکس آمدن سے متعلق آئی ایم ایف کو بریف کیا جائے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ مذاکرات میں موجودہ تین سالہ پروگرام کا آخری جائزہ لیا جائے گا اور مذاکرات میں 30 جون 2016ء تک کی معاشی کارکردگی بھی زیرغور آئے گی۔ٹیکس اصلاحات اور ٹیکس آمدن کے اہداف کے حصول کے حوالے سے حکومت آئی ایم ایف کے سامنے سرخرو ہے اور اسے اپنے مشن میں کامیابی ملنے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق مذاکرات کی کامیابی کی صورت میں پاکستان کو ستمبر میں 54 کروڑ ڈالر مل سکیں گے۔۔