لاڑکانہ، رینجرز کی چوکی پر بم حملہ ، ایک اہلکار شہید،14افراد زخمی

ہفتہ 30 جولائی 2016 13:14

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔30 جولائی۔2016ء) صوبہ سندھ کے شہر لاڑکانہ میں میروخان چوک کے قریب رینجرز چوکی پر بمحملے میں ایک اہلکار شہید اورتین سکیورٹی اہلکاروں سمیت14افراد زخمی ہو گئے ، ابتدائی تحقیقات کے مطابق بم ایک موٹرسائیکل میں نصب کیا گیا تھا،رینجرز نے سرچ آپریشن کے دوران 2مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا،سرچ آپریشن کا دائرہ کار وسیع کردیا گیا۔

اطلاعات کے مطابق لاڑکانہ میں رتو ڈیرو روڈ پر میرو چوک کے قریب نامعلوم افراد نے رینجرز کی چوکی پر بم حملہ کیا، جس کے نتیجے میں ایک اہلکار شہید اور 6 رینجرز اہلکاروں سمیت 15 افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے لاڑکانہ کے چانڈکا میڈیکل ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ابتدائی رپورٹس کے مطابق بم کو رینجرز چوکی کے قریب ایک سائیکل میں نصب کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

واقعے کے بعد ڈی آئی جی عبداللہ شیخ سمیت پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری جائے وقوع پر پہنچ گئی اورعلاقے کو گھیرے میں لے کر تفتیش کا آغاز کردیا گیا۔ذرائع کے مطابق پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران 2 مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لیا۔دوسری جانب سندھ کے نو منتخب وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے آئی جی سندھ اللہ ڈینو خواجہ سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔

یہاں بات قابل ذکر ہے کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں اکثر وبیشتر رینجرز اہلکاروں کو نشانہ بنایا جاتا رہتا ہے۔رواں برس مارچ میں بھی نامعلوم افراد کی جانب سے کراچی میں رینجرز کی 2 چوکیوں کو کچھ منٹ کے وقفے سے بارودی مواد کے ذریعے نشانہ بنایا گیا تھا، تاہم ان حملوں کے نتیجے میں کوئی اہلکار زخمی یا ہلاک نہیں ہوا تھا۔اس سے قبل نومبر 2015 میں بھی کراچی میں بلدیہ اتحاد ٹاوٴن کے علاقے میں رینجرز کی موبائل پر فائرنگ کے نتیجے میں 4 اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔

متعلقہ عنوان :