بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ‘ضلع میرپور سے7000 بچے جبکہ ضلع کوٹلی سے18000 بچے مستفید ہو رہے ہیں

ہفتہ 30 جولائی 2016 13:08

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 جولائی ۔2016ء)وفاقی حکومت بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت میرپور ڈویژن میں 25 ہزار بچوں کو وسیلہ تعلیم پروگرام کے تحت وظائف دے رہی ہے۔وسیلہ تعلیم پروگرامBISPکی رجسٹرڈ مستحق خواتین کے بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کے لیے وفاقی حکومت کا قابل صد تحسین اور انقلابی پروگرام ہے۔ ضلع میرپور سے7000 بچے جبکہ ضلع کوٹلی سے18000 بچے مستفید ہو رہے ہیں ۔

جن کو ماہانہ بنیادوں پر 250روپے فی بچے جو کہ ان کی ماؤں کی سہ ماہی قسط مبلغ 4700کے علاوہ ہے۔اور سہہ ماہی بنیادوں پر ان کے اکاؤنٹس میں ٹرانسفر کیے جاتے ہیں۔یہ باتBISP کے ڈویژنل ڈائریکٹر میرپور ڈویژن خضر حیات نے وسیلہ تعلیم پروگرام کی ڈسٹرکٹ کوآرڈینشن کمیٹی کے ماہانہ اجلاس کی صدارت کرتے ہو ئے بتائی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ وسیلہ تعلیم پروگرام جلد مزید ڈسٹرکٹ میں پھیلایا جا رہا ہے۔

اجلاس میں BISP تحصیل آفس ڈڈیال سے اسسٹنٹ ڈائریکٹر امین اللہ چوہدری نے اپنی تحصیل کی کارکردگی پیش کی۔ ایکٹ انٹرنیشنل کے ڈسٹرکٹ کوآردینیٹر فیصل گل نے حاضری کی تصدیق کے عمل کے بارے میں شرکاء کو تفصیلی بریف کیا۔اجلاس میں دیگر شرکاء میں اسسٹنٹ اکاؤنٹ آفیسر میرپور ڈویژن شریف اللہ، اسسٹنٹ کمپلینٹ BISPتحصیل میرپور سہیل ایوب ، محکمہ تعلیم سے ہیڈ کلرک محمد اشرف ، عبدالوحید اسسٹنٹ پرائیویٹ سیکرٹریBISP ، راحیل نواز فیلڈ سپروائزر BISP نے شرکت کی۔

ڈویژنل ڈائریکٹر BISP نے تمام شرکاء پر زور دیا کہ پروگرام کی بہتری کے لیے تجاویز دیں۔ اور BISP کے تحصیل کے دفاتر اور افسران کو ہدایات جاری کی کہ تمام مستحق خواتین کو ہر ممکن امداد کے بارے میںآ گاہی فراہم کی جائے۔اور زیادہ تر مسائل کو تحصیل کی حد تک حل کیا جائے۔BISP میرپور ڈویژن کے افسران ان غریب خواتین کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں۔ اور اس بارے میں کسی قسم کی کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید بتایا کے ضلع میرپور میں اگلے ماہ دوبارہ سروے شروع کیا جائے گا۔ تا کہ جو لوگ پروگرام میں شا مل نہیں انہیں میرٹ پر شامل کیا جائے۔ BISP پاکستان کا ہی نہیں بلکہ ایشیا کا سب سے بڑا سوشل سیفٹی نیٹ پروگرام ہے۔جس میں پورے ملک کی طرح میرپور ڈویژن کی 30 ہزار خواتین اور 25 ہزار بچے استفادہ حاصل کر رہے ہیں ۔ جو کہBISP اور وفاقی حکومت کی نیک نامی میں اضافہ کا سبب ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہBISPآزادکشمیر کے نئے تعینات ہونے والے ریجنل ڈی ۔جی کلیم اللہ خان نے حال ہی میں میرپور ڈویژن کا دورہ کیا جس میں تمام فیلڈ دفاتر کو ہدایات دی گئیں کہ تمام پروگرامز کو شفاف طریقے سے اور رجسٹرڈ خواتین کو ہر ممکنہ سہولیات فراہم کی جائیں۔ڈویژنل ڈائریکٹرBISPنے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز زنانہ میرپور کی لگاتار اجلاس سے غیر حاضری پر تحفظات کا اظہار کیا جو کہ کمیٹی کی باقاعدہ ممبر ہیں۔

انہوں نے سیکٹری تعلیم آزاد کشمیر ریجنل ڈی جی BISP آزادکشمیر اور DPIسکولز آزادکشمیرکی توجہ اس حساس معاملہ کی جانب مبذول کرائی اور مطالبہ کیا کہ DEOsکی وسیلہ تعلیم کے اجلاس میں شرکت یقینی بنائی جائے ۔ تمام شرکاء نے BISP کے تمام پروگرامز کو خوب سراہا اور بالخصوص وسیلہ تعلیم پروگرام کو کار خیر کی حیثیت دی۔آخر میں ڈویژنل ڈائریکٹر نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور محکمہ تعلیم کے سرکاری اور پرائیویٹ ادارہ جات کو مزید تعاون بڑھانے پر زور دیا ۔ تمام شرکاء نے ڈویژنل ڈائریکٹر BISP کا شکریہ اداکیا اور اطمینان کا اظہار کیا جنہوں نے اس فورم پر اتنے اچھے پروگرام کی بہتری کے لیے تمام اداروں کو اگٹھا مل بیٹھنے کا موقع فراہم کیا۔