لاڑکانہ ، رینجرز چوکی پر 2 دستی بم حملے ، ایک رینجرز اہلکار شہید ، 5 اہلکاروں سمیت 14 افراد زخمی

ہفتہ 30 جولائی 2016 11:43

لاڑکانہ/کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 جولائی ۔2016ء ) لاڑکانہ میں میروخان چوک کے قریب رینجرز چوکی پر 2 دستی بم حملوں کے نتیجے میں ایک رینجرز اہلکار شہید جبکہ 5 اہلکاروں سمیت 14 افراد زخمی ہوگئے۔ لاڑکانہ میں رتو ڈیرو روڈ پر میرو چوک کے قریب نامعلوم افراد نے رینجرز کی چوکی پر 2 دستی بم حملے کیے جس کے نتیجے میں 6 رینجرز اہلکاروں سمیت 15 افراد زخمی ہوئے۔

زخمیوں کو طبی امداد کے لیے لاڑکانہ کے چانڈکا میڈیکل ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ایک اہلکار نے جام شہادت نوش کیا ۔ابتدائی رپورٹس کے مطابق بم کو رینجرز چوکی کے قریب ایک سائیکل میں نصب کیا گیا تھا۔واقعے کے بعد پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری جائے وقوع پر پہنچ گئی اورعلاقے کو گھیرے میں لے کر تفتیش کا آغاز کردیا گیا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران 2 مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لیا۔

کراچی سمیت سندھ بھر میں اکثر وبیشتر رینجرز اہلکاروں کو نشانہ بنایا جاتا رہتا ہے۔ رواں برس مارچ میں بھی نامعلوم افراد کی جانب سے کراچی میں رینجرز کی 2 چوکیوں کو کچھ منٹ کے وقفے سے بارودی مواد کے ذریعے نشانہ بنایا گیا تھا تاہم ان حملوں کے نتیجے میں کوئی اہلکار زخمی یا جاں بحق نہیں ہوا تھا۔ اس سے قبل نومبر 2015 میں بھی کراچی میں بلدیہ اتحاد ٹاوٴن کے علاقے میں رینجرز کی موبائل پر فائرنگ کے نتیجے میں 4 اہلکار شہید ہوگئے تھے۔

متعلقہ عنوان :