مال روڈ ہوٹل میں لڑکی کی ہلاکت کا معاملہ، رابعہ کا پوسٹمارٹم مکمل کر لیاگیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 30 جولائی 2016 11:25

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔30 جولائی 2016ء) : لاہور کی معروف شاہراہ مال روڈ پر موجود ایک ہوٹل کے کمرے سے گذشتہ روز ایک لڑکی کی لاش برآمد ہوئی تھی۔ تحقیقات کے بعد لڑکی کی شناخت ہوئی تو معلوم ہوا کہ ہلاک لڑکی کا نام رابعہ نصیر تھا اور وہ کوئین میری کالج کی طالبہ تھی۔ پولیس نے بتایا کہ رابعہ نصیر کے بیگ سے پستول اور گولیاں برآمد ہوئیں۔

جس کے بعد پولیس نے دعویٰ کیا کہ بظاہر یہ معاملہ خود کُشی کا معلوم ہوتا ہے۔ پولیس نے لاش کو تحویل میں لیکر پوسٹمارٹم کے لیے اسپتال منتقل کیا جہاں رابعہ کا پوسٹمارٹم مکمل کر کے اس کی لاش ورثا کے حوالے کر دی گئی ہے۔ پوسٹمارٹم کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق رابعہ کی موت سر میں گولی لگنے کی وجہ سے ہوئی ، رپورٹ میں بتایا گیا کہ رابعہ نصیر کے جسم پر تشدد کے کوئی نشانات نہیں ملے جبکہ رابعہ کی انگلیوں کے نمونے فرانزک لیب میں بھجوادئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

پولیس کا کہنا ہے رابعہ کے بیگ سے برآمد ہوئی پسٹل کو فرانزک لیبارٹری بھجوا دیا گیا ہے۔پولیس نے بتایا کہ لڑکی کے موبائل ڈیٹا کے حصول کے لیے متعلقہ اداروں سے رابطہ کر لیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ موبائل ڈیٹا حاصل ہونے اور فرانزک ٹیسٹ کی رپورٹ آنے کے بعد ہی کیس کی تفتیش میں پیش رفت ہو سکے گی۔ دوسری جانب رابعہ کے اہل خانہ نے اپنے بیان میں کہا کہ ہماری کسی سے کوئی دشمنی نہیں تھی۔

متعلقہ عنوان :