وزیراعظم کا پی ایچ اے ایف میں ایگزیکٹو اپارٹمنٹس کی بوگس الاٹمنٹ اور فراڈ میں ملوث افسران کے خلاف کاروائی کا حکم

اپارٹمنٹس کی الاٹمنٹس کو کالعدم تصور اور الاٹمنٹ کا طریقہ کار منسوخ کیا جائے ،مستقبل میں وزارت دستیاب اپارٹمنٹس کی تمام تفصیل مشتہر کرے گی،پلاٹوں اور اپارٹمنٹس میں دلچسپی رکھنے والے افسروں کی اہلیت کا طریقہ کار وضع کیا جائے ، شفافیت اور یکساں مواقع یقینی بنانے کے لئے جامع ضابطہ کار بنایا جائے ،نوازشریف کی ہدایت

جمعہ 29 جولائی 2016 22:57

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 جولائی ۔2016ء) وزیراعظم نوازشریف نے پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی فاؤنڈیشن میں ایگزیکٹو اپارٹمنٹس کی بوگس الاٹمنٹ اور فراڈ میں ملوث افسران کے خلاف کاروائی کے حوالے سے تحقیقاتی کمیٹی کی سفارشات پرملوث افسران کے خلا ف کاروائی کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ اپارٹمنٹس کی الاٹمنٹس کو کالعدم تصور اور الاٹمنٹ کا طریقہ کار منسوخ کیا جائے ۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی نے بعض سرکاری افسران کو اپارٹمنٹس الاٹ کئے تھے ۔ وزیراعظم نے 16جون کو بوگس الاٹمنٹس کی تحقیقات کا حکم دیا تھا ۔ تحقیقاتی کمیٹی کی سفارشات پر وزیراعظم نے کاروائی کی ہدایات جاری کر دیں ۔ وزیراعظم نے حکم دیا ہے کہ اپارٹمنٹس کی الاٹمنٹس کو کالعدم تصور کیا جائے اور اپارٹمنٹس کی الاٹمنٹ کا طریقہ کار منسوخ کیا جائے ۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ مستقبل میں وزارت دستیاب اپارٹمنٹس کی تمام تفصیل مشتہر کرے گی ۔پلاٹوں اور اپارٹمنٹس میں دلچسپی رکھنے والے افسروں کی اہلیت کا طریقہ کار وضع کیا جائے ۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ شفافیت اور یکساں مواقع یقینی بنانے کے لئے جامع ضابطہ کار بنایا جائے ۔ بوگس الاٹئمنٹ میں ملوث نشاندہی کئے گئے دونوں افسران کو معطل کر دیا گیا ۔

پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی فاؤنڈیشن کے ایم ڈی محمد الیاس کو بوگس الاٹمنٹس کا ذمہ دارقرار دیا گیا۔ ڈائریکٹرلینڈ اینڈ اسٹیٹ سیدہ شفق بھی بوگس الائٹمنٹس کی ذمہ دار قرار دی گئی ہیں ۔ وزیراعظم نواز شریف نے دونوں افسروں کی معطلی کا حکم دیا ہے ۔ رپورٹ میں ڈپٹی ڈائریکٹر عثمان سروش علوی ، ڈائریکٹر ایڈمن جاوید اقبال بھی ثانوی ذمہ دار قرار دیئے گئے ہیں ۔

عثمان سروش علوی اور جاوید اقبال کے تبادلے اور وزارت ہاؤسنگ میں دوبارہ تقرری نہ کرنے کا حکم دیا گیا ہے ۔ چاروں افسران کے خلاف گورنمنٹ سرونٹ رولز کے تحت کاروائی ہو گی ۔وزیراعظم نے ڈی جی ایف آئی اے محمد عملیش کو کاروائی کے لئے مجاز افسر مقرر کر دیا ہے ۔ وزیراعظم کے احکامات پر عمل درآمد کے لئے ضروری اقدامات کر دیئے گئے ہیں ۔