اینٹی نارکوٹکس فورس نے 1ارب 60 کروڑ روپے عالمی مالیت کی2.55ٹن منشیات برآمد کر لی

17کاروائیوں میں 17ملزمان گرفتار ، 4گاڑیاں ضبط منشیات کے مقدمات میں ملوث اشتہاری ملزمان کے خلاف جاری مہم کے دوران 32اشتہاری ملزمان گرفتار

جمعہ 29 جولائی 2016 22:42

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 جولائی ۔2016ء) اے این ایف نے 17ملک گیر کاروائیوں کے دوران2.55 کلوگرام منشیات برآمد کر لی،جنکی مالیت عالمی منڈی میں 1ارب 60کروڑروپے ہے۔یہ کاروائیاں پشاور، کوہاٹ، ہری پور، فیصل آباد ، حیدر آباد ، کلہ عبداﷲ ، اسلام آباد ، لاہور ، چار سدہ ، مری ، گجرات، سیالکوٹ اور اٹک میں عمل میں لائی گئیں۔

برآمد شدہ منشیات میں 11.9کلوگرام ہیروئن، 2539.45کلوگرام چرس ، 4.8 کلوگرام افیون اور 450 گرام کوکین شامل ہے۔ ان کاروائیوں کے دوران منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث 17ملزمان کو گرفتارکیاگیااور 4گاڑیاں بھی ضبط کی گئیں، جبکہ اے این ایف کی جانب سے منشیات کے جرائم میں ملوث اشتہاری ملزمان کے خلاف جاری مہم کے دوران 32 اشتہاری ملزمان کو بھی گرفتارکیاگیا۔

(جاری ہے)

اے این ایف کوئٹہ نے بلوچستان کے علاقے کلہ عبداﷲ کی تحصیل گلستان کے علاقے کلی چبیزئی کے ایک غیرآباد مقام پر خفیہ اطلاعات پر مبنی 3علیحدہ علیحدہ کاروائیوں کے دوران2.494 ٹن چرس قبضے میں لے لی۔ ضبط شدہ منشیات کھیپ کی شکل میں ذخیرہ کی گئی تھی ، جوابتدائی اطلاعات کے مطابق، کسی نامعلوم منزل پر روانہ کرنے کی غرض سے کسی دیگر گروہ کے حوالے کی جانی تھی۔

اے این ایف راولپنڈی نے راجہ ٹریولز، فیض آباد ، اسلام آباد سے2 ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 1کلوگرام ہیروئن برآمد کر لی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق، ملزمان مقامی سطح پر منشیات کی ترسیل میں ملوث تھے۔ دوسری کاروائی کے دوران اے این ایف راولپنڈی نے کورال چوک، ایکسپریس ہائی وے، اسلام آباد پر واقع ٹریفک پولیس چیک پوسٹ کے قریب سے ایک ملزم کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 250گرام ہیروئن برآمد کر لی۔

تیسری کاروائی کے دوران اے این ایف راولپنڈی نے مری میں واقع سنی بینک کے قریب سے ایک مہران کار کو قبضے میں لے کر اس کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی 1.6 کلوگرام برآمد کر لی۔ چوتھی کاروائی کے دوران اے این ایف راولپنڈی ائیر پورٹ ٹیم نے بینظیر انٹرنیشنل ائیر پورٹ اسلام آباد سے ایک ملزم کو گرفتار کر کے اس کے سامان میں مہارت سے چھپائی گئی 2 کلوگرام ہیروئن برآمد کر لی۔

ملزم ائیر عریبیہ کی فلائیٹ نمبر G-9829 کے ذریعے دبئی روانہ ہو رہا تھا۔ پانچویں کاروائی کے دوران اے این ایف راولپنڈی نے اٹک کے علاقے کامرہ میں واقع ایک کورئیر سروس کے دفتر سے برطانیہ بھیجے جانے والے ایک عدد پارسل سے دیگچے میں چھپائی گئی 700گرام ہیروئن برآمد کر لی۔ اے این ایف لاہور نے مین موٹر وے ٹول پلازہ ، فیصل آباد سے ایک سوزوکی آلٹو کارکو قبضے میں لے کر اس کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی 4.8کلوگرام افیون اور 2.5 کلوگرام ہیروئن برآمد کر لی،جبکہ گاڑی میں موجود 3افراد ملتان کے رہائشی محمد شفیع، پشاور کے رہائشی مجاہد اور چار سدہ کے رہائشی سجاد احمد کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔

دوسری کاروائی کے دوران اے این ایف لاہور نے مین موٹر وے ٹول پلازہ ، فیصل آباد سے ہی خیبر ایجنسی کے رہائشی مہران نامی ملزم کو گرفتار کر کے اس کے ذاتی قبضے سے 1.1کلوگرام چرس برآمد کر لی۔ تیسری کاروائی کے دوران اے این ایف لاہور ائیر پورٹ ٹیم نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ ، لاہور سے گجرات کے رہائشی احمد نامی ایک ملزم کو حراست میں لے کر اس کے ٹرالی بیگ میں مہارت سے چھپائی گئی 2.9 کلوگرام ہیروئن برآمد کر لی۔

ملزم پی آئی اے کی پرواز نمبر PK-723 سے اٹلی روانہ ہو رہا تھا۔ چوتھی کاروائی کے دوران اے این ایف لاہور نے ڈیرہ عبداﷲ خان، گجرات سے ایک مقامی منشیات فروش عبداﷲ کو گرفتار کر کے اس کے ذاتی قبضے سے 8 کلوگرام چرس برآمد کر لی۔پانچویں کاروائی کے دوران اے این ایف لاہور نے سیالکوٹ میں وزیر آباد روڈ پر چائنہ چوک کے قریب سے موٹر سائیکل پر سوار ایک مقامی منشیات فروش فیصل محمود کو حراست میں لے کر اسکی ذاتی تحویل سے 650گرام چرس برآمد کر لی ۔

چھٹی کاروائی کے دوران اے این ایف لاہور ائیر پورٹ ٹیم نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے اومان ائیر کی پرواز نمبر WY-344 کے ذریعے سری لنکا روانہ ہونے والے فیصل آباد کے رہائشی ذیشان حیدر نامی مسافرکو گرفتار کر کے ملزم کے ٹرالی بیگ میں چھپائی گئی 950گرام ہیروئن برآمد کر لی۔ اے این ایف پشاور ائیر پورٹ ٹیم نے پشاور ائیرپورٹ سے پشاور کے رہائشی ایک ملزم مہران نبی کو گرفتار کر کے اس کے سامان میں چھپائی گئی 3.7کلوگرام چرس برآمد کر لی گئی۔

ملزم پی آئی اے کی فلائیٹ نمبر PK-894سے ملائیشیا روانہ ہو رہا تھا۔ دوسری کاروائی کے دوران اے این ایف پشاور نے ڈائیوو و کارگو سروس ، پشاور پر خفیہ اطلاعات پر مبنی ایک کاروائی عمل میں لاتے ہوئے پشاور کے رہائشی سید ہلال شاہ اور قادر خان نامی دو ملزمان کو موٹر سائیکل پر سواری کرتے ہوئے گرفتار کر کے ان کے ذاتی قبضے سے 425گرام کوکین برآمد کر لی۔

اے این ایف کراچی مخبر کی اطلاع پرکاروائی کرتے ہوئے ،کوچی کیمپ ، کراچی میں واقع جامع مسجد کے قریب سے کراچی کے رہائشی محمد ایوب نامی ملزم کو گرفتار کر کے اس کے ذاتی قبضے سے 32کلوگرام چرس برآمد کر لی۔ مزید، اے این ایف نے اشتہاری ملزمان کے خلاف جاری مہم کے دوران مانسہرہ ، ہریپور، پشاور، لاہور ، میانوالی، حیدرآباد، گوادر، فیصل آباد، کوئٹہ، گجرات ، ملتان، خیر پور، سیالکوٹ، چارسدہ، سرگودھااور شکار پور میں کاروائیاں عمل میں لاتے ہوئے منشیات کے جرائم میں ملوث 32 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ تمام مقدمات اے این ایف کے متعلقہ تھانوں میں درج کر لئے گئے ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :