پاکستانی اساتذہ چینی زبان سیکھنے کے لئے چین روانہ

پاکستانی طلباء میں چینی زبان سیکھنے کی خواہش میں اضافہ خوش آئند ہے ، اقتصادی راہداری منصوبہ سماجی ومعاشی شعبہ میں تعمیر وترقی کے نئے مواقع پیدا کر رہا ہے ، چینی سفیر کی اہلیہ کا تقریب سے خطاب

جمعہ 29 جولائی 2016 22:19

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 جولائی ۔2016ء ) چینی حکومت کی دعوت پر50پاکستانی اساتذہ کا وفد چینی زبان اور ثقافت کی سمجھ بوجھ حاصل کرنے کے لئے چین روانہ ہوگیا ۔گزشتہ ایک ماہ میں پاکستانی اساتذہ کا چین روانہ ہونے والا یہ دوسرا وفد ہے جس کا بنیادی مقصد عوامی سطح پر رابطہ سازی کو فروغ دینا اور پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ کو لسانی معاونت فراہم کرنا ہے ۔

گروپ میں ملک بھر کے سکولز، کالجز اور یونیورسٹیوں سے تعلق رکھنے والے اساتذہ شامل ہیں ۔ پاکستانی اساتذہ کو چینی سفارتخانے ، اسلام آباد میں موجود چینی ثقافتی مرکز اور بیجنگ کی لسانی اور ثقافتی یونیورسٹی کی جانب سے مشترکہ طور پر چین بھیجا گیا ہے ۔چین جانے والے پاکستانی اساتذہ کے اعزاز میں جمعہ کو چینی سفارتخانہ میں ایک شاندار تقریب کا اہتمام کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں متعین چینی سفیر سن وی ڈونگ کی اہلیہ میڈم باؤ جی چنگ نے امید ظاہر کی کہ چین جانے والے اساتذہ دوست ممالک کی نسلوں کو بہترین طریقے سے اپنے تجربات منتقل کرنے کا ذریعہ ثابت ہوں گے ۔

(جاری ہے)

دونوں ممالک کی عوام کو قریب لانے کے لئے اساتذہ پاکستانی سفارتکار کے فرائض سر انجام دیں گے ۔ زبان لوگوں کے مابین پل کا کردار ادا کرتی ہے اور وہ خود بھی وزارت خارجہ کی یونیورسٹی میں 10سال بطور انگلش ٹیچرکے طور پر فرائض سر انجام دیتی رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات قابل ذکر ہے کہ اقتصادی راہداری کی پیش رفت کے ساتھ پاکستانی طلباء میں چینی زبان سیکھنے کی طلب میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے اور اس حوالے سے چینی اساتذہ کے لئے بھی بہترین مواقع پیدا ہوں گے ۔

پاکستان میں موجود چینی سفارتخانہ چینی زبان کے فروغ کے لئے اہم کردارادا کرتے ہوئے قلیل المدتی پروگراموں سمیت ڈگری لیول کے پروگرامز کی حوصلہ افزائی کر رہا ہے جس کے لئے طلباء کو چین بجھوایا جائے گا۔ پاک چین تعلقات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک مخلص دوست ، بااعتماد شراکت داراور اچھے ہمسایہ ہیں جن کی دوستی ہر مشکل اور آڑھے وقت میں کامیاب ٹھہری ہے ۔

چین اور پاکستان نے معیشت ، تجارت، ثقافت سمیت تمام شعبوں میں باہمی فوائد حاصل کئے ہیں ، باہمی تعلقات میں اقتصادی راہداری منصوبہ ایک اہم کامیابی ہے جو کہ سماجی ومعاشی شعبہ کی تعمیر وترقی میں نئے مواقع پیدا کر رہا ہے ۔ ہر سال قابل ذکر پاکستانی طلباء کی تعداد چین بجھوائی جا رہی ہے جو کہ وطن واپسی پر اقتصادی راہداری منصوبہ کی کامیابی کے لئے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں ۔

اس موقع پر پاکستانی طلباء اور اساتذہ کی نمائندگی کرنے والی عطرت حیدر نے چینی سفارتخانے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عوامی سطح کے تبادلوں سے دونوں ممالک کے مابین باہمی تعاون بہترین طریقے سے فروغ پا رہا ہے ۔ تقریب میں چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر مختار احمد اور نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ذوالفقار چیمہ بھی موجود تھے جنہوں نے پاکستانی اساتذہ اور طلباء کو چینی زبان اور ثقافت کی سمجھ بوجھ حاصل کرنے کے لئے چین بجھوانے پر چینی سفارتخانے کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :