وفاقی وزیر داخلہ ملکی امن و استحکام کیلئے دن رات محنت کررہے ہیں،ان کے اقدامات سے پاکستان میں دہشت گردی کے خاتمے اور اور پائیدار ترقی کے حصول میں 90 فیصد کامیابی ہوئی

مسلم لیگ (ن) کے راہنما و میئر راولپنڈی کے امیدوار شیخ ارسلان حفیظ کا بیان

جمعہ 29 جولائی 2016 22:15

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 جولائی ۔2016ء ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے راہنما و میئر راولپنڈی کے امیدوار شیخ ارسلان حفیظ نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان ملکی امن و استحکام کیلئے دن رات محنت کررہے ہیں،ان کے اقدامات سے پاکستان میں دہشت گردی کے خاتمے اور اور پائیدار ترقی کے حصول میں 90 فیصد کامیابی ہوئی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مقامی کونسلروں کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا،شیخ ارسلان حفیظ نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف ملکی معیشت کے استحکام کے لئے کوشاں ہیں ، وزیر اعلی پنجاب کے دورہ چین کے دوران طے پانے والے مفاہمت کے نئے معاہدوں سے پاکستان میں توانائی کے بحران سے نمٹنے اور پائیدار ترقی کے حصول میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

شیخ ارسلان حفیظ نے کہا کہ چین پاکستان کا سچا ، ہمدرد اور قابل اعتماد دوست ہے اور دونوں ملکوں میں دوستی کے رشتے وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ پاکستان اور چین کے مابین گہری دوستی کی مثال ہے اور اس کی تکمیل سے پاکستان کی معیشت کو مثالی ترقی حاصل ہو گی ۔ شیخ ارسلان حفیظ نے کہا کہ عمران خان کی جوانی ڈھل چکی ہے اور اب وہ عمر کے اس حصے میں داخل ہورہے ہیں جہاں متانت اور سنجیدگی ضروری ہوتی ہے،دھرنوں کی دھمکیاں دینے والے دھرنا سیاست چھوڑ کر اپنی ناکامیوں سے سبق سیکھیں اور لوگوں کو گمراہ کرکے سڑکوں پر لانے کے بجائے پاکستان کے عوامی مسائل حل کرنے میں اپنی توانائیاں صرف کریں۔

انہوں نے کہاکہ ملک دشمنی سیاست کو عوام نے ہمیشہ رد کیا ہے اور وہ کسی ایسی مہم جوئی کا ساتھ نہیں دیں گے جو ملک و قوم کو تباہی و بربادی کی طرف لے جائے،انہوں نے مذید کہا کہ بلدیاتی انتخابات کی طرح کشمیر کے انتخابات میں بھی عوام نے اپنے ووٹ کی طاقت سے ملک کی ترقی کے راستے میں رکاوٹیں ڈالنے والوں کو مسترد کرکے مسلم لیگ (ن) کی قیادت پربھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :