چین میں وزیر اعلی پنجاب کو انتھک محنت اور اپنے عوام کیلئے کچھ کرنے کے حوالے سے ایک مخلص لیڈر کے طور پر پسند کیا جاتا ہے

پنجاب کے سابق پارلیمانی سیکریٹری اور مسلم لیگ ن کے راہنماء شاہد ریاض ستی کی وفد سے بات چیت

جمعہ 29 جولائی 2016 22:15

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 جولائی ۔2016ء) پنجاب کے سابق پارلیمانی سیکریٹری اور مسلم لیگ ن کے راہنماء شاہد ریاض ستی نے وزیر اعلی پنجاب کو چین کے کامیاب دورے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پورے چین میں وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف کو انتھک محنت اور اپنے عوام کیلئے کچھ کرنے کے حوالے سے ایک مخلص لیڈر کے طور پر پسند کیا جاتا ہے ․ انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں لیگی کارکنوں کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ․ انہوں نے کہا کہ اگر پنجاب حکومت کو پوری یکسوئی اور توجہ کے ساتھ کام کرنے دیا جائے اور اپوزیشن بالخصوص عمران خان اپنی دھرنا سیاست سے رکاوٹیں پیدا نہ کریں تو پنجاب کے وزیر اعلی چند سالوں میں صوبے کے عوام کا معیار زندگی ترقی یافتہ ممالک کے قریب لانے میں کامیاب ہو جائیں گے ․ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب نے اپنے حالیہ دورہ چین کے دوران عوام کی فلاح و بہبود اور معیارزندگی بلند کرنے کے حامل متعدد منصوبوں کے معاہدے کئے ہیں جن سے یقینی طور پر پنجاب کے عوام مستفید ہونگے ․ شاہد ریاض ستی نے کہا کہ صوبے کے عوام کیلئے جس قدر خلوص کے ساتھ محنت شہباز شریف کر رہے ہیں اس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی اور یہی وجہ ہے کہ دوسرے ممالک کے راہنماء بھی شہباز شریف کی تعریف کئے بناء نہیں رہ سکتے ۔