حکومت پنجاب عوام کو تحفظ دینے میں ناکام ہو چکی ،جڑواں شہروں راولپنڈی و اسلام آباد سمیت پنجاب بھر میں اغواء کار، ڈکیت ، چور اور لٹیرے دندناتے پھر رہے ہیں

تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی راجہ راشد حفیظ کی وفد سے بات چیت

جمعہ 29 جولائی 2016 22:08

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 جولائی ۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب صوبے کے عوام کو جرائم پیشہ سماج دشمن عناصر کے خلاف تحفظ دینے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے اور جڑواں شہروں راولپنڈی و اسلام آباد سمیت پنجاب بھر میں اغواء کار، ڈکیت ، چور اور لٹیرے دندناتے پھر رہے ہیں ․ ایک ماہ کے اندر 715 بچوں کا اغواء اور شہری علاقوں میں رپورٹ کی گئی سینکڑوں ڈکیتیاں و دیگر جرائم حکومتی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہیں ․ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پی ٹی آئی کے پبلک سیکریٹریٹ برائے این اے 55 رحمن آباد میں پارٹی کارکنوں اور معززین کے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ․ انہوں نے کہا کہ جرائم کی یہ بڑھتی ہوئی شرح ہم سب کیلئے انتہائی تشویش ناک ہے اور سب سے بڑی تشویش ناک اور تکلیف دہ بات یہ ہے کہ مظلوم عوام کی داد رسی کرنے والا کوئی نہیں ․ تھانے کچہری میں مظلوم کو ظالم اور ظالم کو مظلوم بنا کر پیش کیا جاتا ہے جس میں نام نہاد خادم اعلی پنجاب کی پولیس کا کردار بنیادی ہے ․ انہو ں نے کہا کہ پنجاب کے کسی تھانے میں اس وقت تک کوئی شخص ، چاہے وہ کتنا ہی مظلوم کیوں نہ ہو، پرچہ نہیں کٹوا سکتا جب تک اس کے ساتھ پیش آنے والے واقعہ کا نوٹس خادم اعلی خود نہ لے لیں ․ راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ مجرموں کو جرائم کرنے کی کھلی چھٹی ملی ہوئی ہے اور صوبے میں کہیں قانون اور انصاف نام کی کوئی چیز نظر نہیں آ رہی ․ انہو ں نے وزیر اعلی سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی اعلی ترین مصروفیات میں سے کچھ وقت نکال کر اس جانب بھی توجہ دیں اور اپنے نوٹس لینے کی روایت کو پکا کرنے کی بجائے سسٹم کو مضبوط کریں جہاں کسی فریادی کو تھانے اور کچہری سے مایوس نہ لوٹنا پڑے اور اسے نوٹس وزیر اعلی کے نوٹس لئے بغیر بھی انصاف مل سکے ․