الیکشن کمیشن نواز شریف کے خلاف دائر ریفرنس میرٹ پر فیصلہ کرے ‘حامدر ضا

کالا باغ ڈیم نہ بنانا قومی جرم ہے، دہشت گردی امریکی پالیسیوں کی پیداوار ہے‘چیئرمین سنی اتحاد کونسل

جمعہ 29 جولائی 2016 21:42

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 جولائی ۔2016ء ) سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضانے کہا کہ الیکشن کمیشن نواز شریف کے خلاف دائر ریفرنس میرٹ پر فیصلہ کرے ، کالا باغ ڈیم نہ بنانا قومی جرم ہے، دہشت گردی امریکی پالیسیوں کی پیداوار ہے، نیب میگا سکینڈلز میں ملوث بڑے ملزموں پر ہاتھ نہیں ڈالتا،کشمیر پر جاندار قومی پالیسی کی ضرورت ہے، نئے وزیراعلیٰ سندھ کو جرائم ، کرپشن اور دہشت گردی پاک کریں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں پیر سید محمد شاہ ہمدانی کی طرف سے دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ حکومت نے غربت کے بجائے غریب مکاؤ پالیسی اختیار کر رکھی ہے۔ ملک کی معاشی ترقی کے راستے میں قرضوں کے پہاڑ کھڑے ہیں۔ حکومت عوام کو ریلیف نہیں تکلیف دے رہی ہے۔ حکومت کی ناقص معاشی پالیسیوں کی وجہ سے سرمایہ ملک سے باہر جا رہا ہے۔ ملک کو قرضوں کے ذریعے چلایا جا رہا ہے۔ حکمرانوں نے عوام کو ڈاکوں، ڈھاکوں اور فاقوں کے سوا کچھ نہیں دیا۔