مراد علی شاہ کو صوبہ سندھ کا وزیر اعلیٰ منتخب ہونے پر مبارکباد دیتا ہوں،مولا بخش چانڈیو

نئے وزیر اعلیٰ ترجیحی بنیادوں پر عوامی مسائل اور صوبہ میں امن وامان ،سیاسی دانشمندی اور قانون کے مطابق خاص توجہ دیں گے

جمعہ 29 جولائی 2016 21:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 جولائی ۔2016ء) مشیراطلاعات سندھ مولابخش چانڈیو نے نئے منتخب وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو بھاری اکثریت سے منتخب ہونے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی ہے۔انہوں نے اپنے ایک پیغام میں مبارکباددیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ نئے وزیر اعلیٰ ترجیحی بنیادوں پر عوامی مسائل کو حل کریں گے اور سیاسی دانشمندی اور قانون کے مطابق صوبہ میں امن وامان پر خاص توجہ دیں گے انہوں نے کہا کہ نئے وزیر اعلیٰ آئینی تقاضوں ،پاکستان پیپلز پارٹی کی پالیسیوں،قانون کی حکمرانی اور صوبدیدی اختیارات پر عمل عملدرآمد کیلئے پر عزم ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ نئے وزیر اعلیٰ صوبے میں پائیدار امن اور معاشی خوشحالی لائیں گے ۔مولابخش چانڈیو نے مزید کہا کہ چیئر میں پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کے بعد سندھ کے نئے وزیر اعلیٰ کا چناؤ کیا ہے اور انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ نئے وزیرا علیٰ صوبہ میں امن وامان اور عوامی مسائل کو دوستانہ ماحول میں حل کریں گے ۔

(جاری ہے)

مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ عوام کو تحفظ ،انصاف اور ضروری خدمات فراہم کرنے والے قومی ادارے مزید مستحکم ہوں گے جبکہ صوبہ میں خوشحالی اور پائیدار امن کے لئے سنجید کوششیں کی جائیں گی کیونکہ وسیع ترقی کا دار ومدار پائیدار امن پر ہے انہوں نے کہا کہ مستحکم امن ،اچھی تعلیم ،صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی اور سماجی بھلائی کا ماحول ہر شہری کی ضرورت ہے اس لئے نو منتخب وزیر اعلیٰ سندھ اس سلسلے میں کوئی کسر اٹھانہیں رکھیں گے عوام کو امن وترقی کے عمل کے فروغ کے لئے حکومت کے ساتھ بھر پور تعاون کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ تاریخ ہمیں بتاتی ہے کہ جمہوری عمل صرف عوامی تعاون سے ہی ممکن بنایا جاسکتا ہے انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کراچی کو اعلیٰ تعلیم کے میدان میں بین الاقوامی منزل تک پہنچانے کے مشن پر عمل پیرا ہے تاکہ صوبہ سندھ آئی ٹی اور دیگر اقتصادی شعبوں میں عظیم ترقی حاصل کرسکیں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوام ،پسماندہ اور مظلوم لوگوں اور یتیموں کی پارٹی ہے اور اس کی حکومت سندھ میں تعلیم اور صحت سمیت زندگی کی تمام بنیادی سہولیات بہتر طریقے سے فراہم کررہی ہے مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ نو منتخب وزیر اعلیٰ ایک سچا پارٹی رہنما ہے جو کہ پارٹی قائدین شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو کے وژن پر مکمل یقین رکھتے ہیں اور سیاست میں بھی ماہر ہیں اور وہ چیلنجز کے ماحول میں مسائل سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں مراد علی شاہ نے پارٹی اصولوں اور چیئر میں پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئر مین آصف علی زرداری کی ہدایات کی ہمیشہ پاسداری کی ہے۔

متعلقہ عنوان :