اﷲ مجھے کامیابی سے شروع کرنے اور کامیابی سے ختم کرنے کی توفیق دے، نومنتخب وزیراعلیٰ

میری تین ترجیحات ہیں، عوامی خدمت، عوامی خدمت اور عوامی خدمت،عوام اور پارٹی قیادت کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا، اسمبلی میں خطاب

جمعہ 29 جولائی 2016 21:12

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 جولائی ۔2016ء) نو منتخب وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہاہے کہ اﷲ مجھے کامیابی سے شروع کرنے اور کامیابی سے ختم کرنے کی توفیق دے، میری تین ترجیحات ہیں، عوامی خدمت، عوامی خدمت اور عوامی خدمت،عوام اور پارٹی قیادت کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا ۔سید مراد علی شاہ نے سندھ اسمبلی سے بحیثیت وزیراعلی اپنا پہلا خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کاش اس موقع پر میرے والدین بھی یہاں موجود ہوتے، والدین کا ذکر کرتے ہوئے مراد علی شاہ کی آواز بھرا گئی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ مجھ پر اور میری صلاحیتوں پر اعتماد کرنے پر ارکان کا مشکور ہوں، پیپلزپارٹی ، آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کا مشکور ہوں ۔مراد علی شاہ نے کہاکہ خواہش تھی کہ اسمبلی کی پرانی عمارت میں انتخاب ہوتا،تحریک انصاف ہارنے کے لیے الیکشن لڑنے کی عادی ہے ، مگر آج انہوں نے جمہوری روایت کو نبھانے کی کوشش کی ہے،مسلم لیگ ن اور فنکشنل لیگ نے بھی میری خاموش حمایت کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے یہ بھی کہا کہ چاہوں گا کہ سندھ میں انتظامی ڈھانچے کو فعال بنایا جائے،کارکردگی کے مطابق افسروں کو موقع دیا جائے، چاہوں گا کہ صوبے کا ہر شہری خود کو محفوظ سمجھے ۔مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ میں امن او امان کی صورتحال کبھی اتنی بہتر نہیں رہی ، ایوان میں اتنے قابل لوگ موجود ہیں کہ ٹیم بنانے میں کوئی مشکل نہیں ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ 8سال قائم علی شاہ سے بہت سیکھا ہے ، ہم سب کھڑے ہو کر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں ، مراد علی شاہ نے تمام ارکان کے ساتھ مل کر قائم علی شاہ کے لیے ڈیسک بجائی ۔

نو منتخب وزیر اعلی سندھ نے عزم کا اظہار کیا کہ صاف کراچی اور سر سبز تھر کیلئے مل کر کام کرنا ہوگا، کرپشن اتنی نہیں ہے جتنا سمجھا جاتا ہے ، پروٹوکول کم سے کم رکھنے کی کوشش کروں گا۔

متعلقہ عنوان :