صوبائی اسمبلی کے اراکین کی کثیر تعداد نے مراد علی شاہ کو منتخب کیا جو ان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا ثبوت ہے، آصف علی زرداری

یقین ہے سید مراد علی شاہ عوام کی خواہشات پر پورا اتریں گے، سابق صدر

جمعہ 29 جولائی 2016 21:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 جولائی ۔2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر اور سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری نے سید مراد علی شاہ کو سندھ کا وزیراعلیٰ منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔ اپنے ایک تہنیتی پیغام میں سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ صوبائی اسمبلی کے اراکین کی کثیر تعداد نے مراد علی شاہ کو منتخب کیا جو اس بات کا ثبوت ہے کہ انہیں مراد علی شاہ کی قیادت پر مکمل اعتماد ہے کہ وہ اس مشکل وقت میں تمام درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

سابق صدر نے کہا کہ انہیں مکمل یقین ہے کہ نئے منتخب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ عوام کی خواہشات پر پورا اتریں گے۔ انہیں بہت سارے چیلنج درپیش ہیں لیکن وہ اپنی صلاحیتوں سے کامیابی کے ساتھ تمام چیلنجوں سے نمٹنے میں کامیاب ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مراد علی شاہ کے لئے وزیراعلیٰ کی حیثیت سے چیلنج بھی ہے اور ایک مواقع بھی۔ انہوں نے مراد علی شاہ کو مشورہ دیا کہ وہ اﷲ تعالیٰ پر یقین رکھتے ہوئے اس موقعے سے فائدہ اٹھائیں گے اور ہمت، حوصلے اور عز م کے ساتھ بلا کسی خوف کے سندھ کے عوا م کی بے غرض خدمت کریں گے۔

آصف علی زرداری نے سابق وزیراعلیٰ سید قائم علی شاہ کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی عقلمند قیادت نے گزشتہ آٹھ سالوں میں سندھ کے عوام کی خدمت کی اور سندھ کے عوام اور پارٹی سے وفاداری نبھائی۔ پارٹی کو قائم علی شاہ پر فخر ہے اور ان کی خدمات کو پارٹی اور سندھ کے عوام طویل عرصے تک یاد رکھیں گے۔ سابق صدر نے سندھ اسمبلی کے اراکین کو بھی جمہوری اقدار پر چلتے ہوئے اس تبدیلی کو احسن طریقے سے سرانجام دینے پر مبارکباد دی۔