گجرنالہ آپریشن ، محکمہ انسداد تجاوزات نے بھاری مشینری کی مدد سے 414 سے زائد مکانات مسمار کردیئے گئے ،متعدد مویشی فارم بھی ختم

جمعہ 29 جولائی 2016 20:57

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 جولائی ۔2016ء) ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد کی ہدایت پر گجر نالہ میں جاری تجاوزات مسمار کرنے کے آپریشن کے دوران بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انسداد تجاوزات نے بھاری مشینری کی مدد سے 414 سے زائد مکانات مسمار کردیئے جبکہ متعدد مویشی فارم اور دیگر غیرقانونی تعمیرات بھی ہٹا دی گئیں۔ اس آپریشن میں اب تک 13 کلو میٹر طویل نالے کا ساڑھے 5 کلو میٹر سے زائد حصے کے دونوں اطراف قائم تجاوزات ختم کی جاچکی ہیں جبکہ مسمار کئے گئے مکانات کا ملبہ اٹھانے کا کام بھی تیزی سے جاری ہے تاکہ نالے کے اطراف جگہ کو ہموار کرکے دونوں طرف پختہ سڑک کی تعمیر کا کام جلد از جلد مکمل کرلیا جائے۔

تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز محکمہ انسداد تجاوزات کے عملے نے کیفے پیالہ سے بنگالی پاڑہ بلاک 11 ،12 اور نیاز منزل کے قریب گجر نالے کے دونوں طرف قائم پختہ تجاوزات کے خلاف بھرپور کارروائی کرتے ہوئے تمام مکانات کو مسمار کردیا اس کارروائی کے دوران ایکس کیویٹر اور شاول استعمال کئے گئے گجر نالہ کے باقیماندہ حصے کے اطراف قائم تعمیرات کو گرانے کا کام بھی تیزی سے جاری ہے۔

(جاری ہے)

تجاوزات کے خلاف کارروائی کی نگرانی ڈائریکٹر انسداد تجاوزات مظہر خان کر رہے ہیں جبکہ دیگر افسران بھی ان کی معاونت کے لئے موجود ہیں۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے گجرنالہ کے حالیہ دورے میں محکمہ انسداد تجاوزات کو ہدایت کی تھی کہ شہر کے اس اہم ترین برساتی نالے میں قائم پختہ تجاوزات ہٹا دی جائیں تاکہ اس نالے کی صفائی کے لئے دونوں جانب پختہ سڑک تعمیر کی جاسکے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ اس خصوصی آپریشن کی اسی رفتار سے جاری رکھا جائے اور مقامی آبادی اور ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے اسے جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ گجرنالہ میں تعمیرات مسمار کرنے کے لئے ہونے والے آپریشن کے دوران اب تک کوئی مزاحمت نہیں ہوئی اور لوگوں نے رضاکارانہ طور پر اپنے مکانات جو عین نالے کے اندر تعمیر کئے گئے تھے خالی کردیئے ہیں لہٰذا انسداد تجاوزات کے عملے کو انہیں مسمار کرنے میں کسی رکاوٹ کا سامنا نہیں کرنا پڑ رہا اور یہ کام اب تک کامیابی سے جاری ہے۔

مکانات کو مسمار کرنے کے ساتھ ساتھ وہاں جمع ہوجانے والے ملبے کی صفائی کا کام بھی انجام دیا جا رہا ہے جس کے لئے میونسپل سروسز کے عملے کو متحرک کیا گیا ہے اور ایڈمنسٹریٹر کراچی کی ہدایت پر اس کام کو ہر ممکن تیزی سے مکمل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔