پاک ترک انٹر نیشنل سکول حیات آباد کی بندش رکوانے کیلئے حکومتی سطح پر کوششیں کی جائیں گی،امتیاز شاہد

پاک ترک انٹرنیشنل سکول پشاور کا صوبے میں فروغ تعلیم میں اہم کردار ہے ، عوام کے لئے تعلیمی نقصان کاباعث ہوگی ،وزیرقانون خیبرپختونخوا

جمعہ 29 جولائی 2016 20:55

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 جولائی ۔2016ء) خیبر پختونخواکے وزیر قانون و پارلیمانی امور امتیاز شاہد قریشی نے کہا ہے کہ پاک ترک انٹرنیشنل سکول پشاور کا صوبے میں فروغ تعلیم میں اہم کردار ہے جس کی بندش یہاں کے عوام کے لئے تعلیمی نقصان کاباعث ہوگی اسلئے مذکورہ ادارے کی بندش رکوانے کیلئے ہر سطح پر کوششیں کی جائیں گی۔یہ بات انہوں نے جمعہ کے روز پشاور میں پاک ترک انٹرنیشنل سکول کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

صوبائی وزیر نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے خیبر پختونخوامیں تعلیم کے شعبے کی ترقی کیلئے کئی اہم اقدامات اٹھائے ہیں اور صوبائی حکومت کی بھی اولین کوشش ہے کہ اس اہم شعبہ کو جدیدتقاضوں اور عوامی امنگوں کے مطابق بنایا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صوبے میں پاک ترک انٹرنیشنل سکول بہترین تعلیمی نظام کاحامل ایک مثالی ادارہ ہے جس سے فاٹا اور خیبر پختونخواکے عوام معیاری تعلیم سے مستفید ہو رہے ہیں۔

انہوں نے مزیدکہاکہ اس معاملہ کو حکومتی اور سفارتی سطح پر اٹھایا جائیگا اور وزیر اعلیٰ ٰخیبر پختونخوا پرویز خٹک کے نوٹس میں بھی یہ بات لائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت کی خواہش ہے کہ پاک ترک انٹرنیشنل سکولوں کا دائرہ کارصوبے کے دیگر اضلاع تک بھی پھیلایا جائے۔