پی آئی ٹی بی تیز ترین انصاف کے لئے جدید ٹیکنالوجی کا موثر استعمال کر رہا ہے ‘ ڈاکٹر عمر سیف

چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ منصور علی شاہ کی رہنمائی میں کاز لسٹ مینجمنٹ سسٹم، کیس فلو مینجمنٹ اورفیڈ بیک مانیٹرنگ پروگرام اور ہیلپ لائن جیسے منصوبے شروع کیے‘پہلے آئی ٹی فیئر سے خطاب

جمعہ 29 جولائی 2016 20:52

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 جولائی ۔2016ء) چیئرمین پنجاب آئی ٹی بورڈ ڈاکٹر عمر سیف نے کہا ہے کہ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جناب منصور علی شاہ کے ویژن کو عملی جامہ پہنانے کے لئے پی آئی ٹی بی کی ٹیم نے اتھک محنت کی ہے اور کاز لسٹ مینجمنٹ سسٹم، کیس فلو مینجمنٹ سسٹم ،فیڈ بیک مانیٹرنگ پروگرام اور ہیلپ لائن جیسے مفیدمنصوبے شروع کیے جن سے انصاف کی فراہمی کا کام تیز ہوا ہے اور وکلا سمیت عوام کے مشکلات میں بھی کمی آئی ہے۔

وہ پنجاب جوڈیشیل اکیڈمی لاہور میں لاہور ہائی کورٹ کے تعاون سے منعقدہ پہلے آئی ٹی فیئر2016سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر چیف جسٹس منصور علی شاہ، لاہور ہائی کورٹ کے جج صاحبان اور وکلا ء کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے آئی ٹی میلے اور لاہور ہائی کورٹ کی ویب سائیٹ کا افتتاح بھی کیا۔

(جاری ہے)

میلے میں پنجاب کی عدالت عالیہ وہ دیگر عدالتوں کے لئے شروع کیے گئے آئی ٹی کے منصوبوں کی نمائش کی گئی اور ناظرین کو ان کے بارے میں آگاہی دی گئی۔

ڈاکٹر عمر سیف نے چیف جسٹس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس وقت سے انفارمیشن ٹیکنالوجی کی حوصلہ افزائی کی جب وہ لاہور کورٹ کے جج تھے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اب انکی سربراہی میں لاہور ہائی کورٹ اور پی آئی ٹی بی کے مابین تعاون کو مزید فروغ ملے گا جس سے تیز ترین انصاف کی منزل اور قریب ہو جائے گی۔ اس موقع پر چیف جسٹس نے ڈاکٹر عمر سیف کے ہمراہ مختلف سٹالوں کو دورہ بھی کیا۔ انہوں نے ڈاکٹر عمر سیف اور انکی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا اور جائنٹ ڈائریکٹر آئی ٹی محمد کاشف فاروق کو بہترین خدمات پر تعریفی سند بھی پیش کی۔

متعلقہ عنوان :