وزیر اعظم کو سٹیپ ڈاؤن ہی نہیں، احتساب بھی انہیں سے شروع کرائیں گے‘میاں محمود الر شید

پنجاب میں سب اچھا نہیں، شہری عدم تحفظ کا شکار، چھو ٹو گینگ کے بعد بچوں کو اغوا ء کرنے والا گروہ حکومت کی رٹ کو چیلنج کر رہا ہے دیہی علاقوں میں18،18گھنٹے کی لوڈ شیڈ نگ کی جا رہی ہے، شہری گندہ پانی پینے پر مجبور ہیں، اداروں میں کرپشن، حکمران جماعت نے تھانوں اور پٹوا ر خانوں کو اپنی جاگیر سمجھ رکھا ہے‘ دیگر صوبوں سے آئے صحافیوں سے بات چیت

جمعہ 29 جولائی 2016 20:50

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 جولائی ۔2016ء) پنجاب اسمبلی کے قائد حزب اختلاف میاں محمود الر شید نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی تحریک کا بنیادی مقصد ملک کو کرپشن فری بنانا، احتساب کا موثر نظام قائم کرنا ہے، وزیر اعظم کو سٹیپ ڈاؤن ہی نہیں کرائیں گے، احتساب بھی انہیں سے شروع کرائیں گے، پنجاب میں دودھ کی نہریں نہیں بہہ رہیں، بچوں اور خواتین کیخلاف جرائم بڑھ رہے ہیں، صوبے میں وزیراعلیٰ کی تبدیلی نا گزیر ہے، گڈ گورننس دعوؤں سے نہیں آتی، عملی اقدامات اٹھانے پڑتے ہیں، ترقی وسائل عوام پر خرچ کرنے سے آتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پنجاب اسمبلی میں دیگر صوبوں سے آئے صحافیوں کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اپوزیشن لیڈر میاں محمود الر شید نے کہا کہ اگست پا نا مہ زدہ حکمرانوں پر بھاری ہے، احتجاجی تحریک کسی آمر کو دعوت نہیں اور نہ ہی تحریک انصاف غیر جمہوری رویوں کی حمایت کریگی، تحریک سے جمہوریت ڈی ریل نہیں ہوگی، تاہم اس کا انحصار میاں نواز شریف کے رویے پر منحصر ہے۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں محمود الر شید نے کہا کہ پنجاب میں سب اچھا نہیں، خواتین بچوں سمیت ہر شہری عدم تحفظ کا شکار ہے، چھو ٹو گینگ کے بعد بچوں کو اغوا ء کرنے والا گروہ حکومت کی رٹ کو چیلنج کر رہا ہے، ہستالوں کی حالت قابل رحم ہے، شہری گندہ پانی پینے پر مجبور ہیں، کئی علاقوں میں18،18گھنٹے کی لوڈ شیڈ نگ کی جا رہی ہے، پولیس سمیت ہر ادارہ کرپشن کنگ بننے کی دوڑ میں ہے، حکمران جماعت نے تھانوں اور پٹوا ر خانوں کو اپنی جاگیر سمجھ رکھا ہے، پورے صوبے کی بجائے لاہور کو ترقیاتی کاموں کا مرکز بنانا دیگر علاقوں اور ان میں بسنے والے شہریوں سے زیادتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وقت کا تقاضہ ہے کہ صوبے کا وزیراعلیٰ تبدیل ہو۔ حالیہ بارشوں نے پنجاب کے نام نہاد خادموں کی قلعی کھول دی، صوبہ پیرس تو نہ بنا الٹا اپنی اصل شناخت ضرور گنوا بیٹھا، بارشوں سے ہونے والی ہلاکتوں کا مقدمہ حکمرانوں پر درج ہونا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ فلڈ کمیشن کا سیلاب کی پیشگی اطلاع دینے والے سسٹم کا غیر فعال ہونے کا انکشاف اور سیلاب سے پیشگی آگاہ نہ کرنے کی اہلیت کا بیان حکمرانوں کی نا کامی ہے جو سڑکوں پر اربوں اور انتہائی اہم عوامی مفاد کے منصوبوں پر ایک روپیہ نہیں لگاتے۔ بعد ازاں لاہور پریس کلب میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میاں محمود الر شید نے عبدالستار ایدھی کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ حکمران انکی تقلید کریں۔

متعلقہ عنوان :