سیالکوٹ میں نالہ ایک میں طغیانی،متاثرہ افرادکوریسکیو اورریلیف کی سہولیات فراہم، ریلیف کیمپ قائم

سیلاب سے شہریوں کی املاک ، مال مویشیوں اور فصلوں کو پہنچنے والے نقصانات کا اندازہ لگانے کیلئے اسسٹنٹ کمشنر ز کو ہدایت جاری

جمعہ 29 جولائی 2016 20:50

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 جولائی ۔2016ء) چیئرمین کیبنٹ کمیٹی /صوبائی وزیر زکوۃ و عشر پنجاب ملک محمد ندیم کامران نے کہا ہے کہ سیالکوٹ میں نالہ ایک میں طغیانی کے بعد پانی اتر گیاہے ،متاثرہ افرادکوریسکیو اورریلیف کی سہولیات فراہم کر دی گئیں ہیں ،کا بینہ کمیٹی برائے فلڈ کی نگرانی میں ضلعی انتظامیہ نے رات بھرریسکیو و ریلیف آپریشن جاری رکھا ،نالہ ایک میں پڑنے والا شگاف پر کر دیا گیا ہے ، نالہ ایک کے کمزور پڑ جانے والے کناروں کو فوری طور پر مٹی ڈال کر مضبوط کر دیا گیا ہے ، متاثرین کیلئے ریلف کیمپ قائم کرد ئیے گئے ہیں جہاں انہیں تین وقت کا کھانا دیا جا رہا ہے، انہیں ہر قسم کی طبی سہولیات بھی فراہم کر دی گئی ہیں ،سیالکوٹ شہر اور گردو نواح سے پانی اتر گیا ہے جبکہ زیر آب آنے والی سڑکوں سے پانی کی نکاسی کی جارہی ہے ،سیالکوٹ سے گزرنے والے تمام برساتی نالوں میں پانی کی سطح کم ہو کر معمول پر آرہی ہے ۔

(جاری ہے)

اس امر اظہار انہوں نے ڈی سی او آفس سیالکوٹ میں کیبنٹ کمیٹی برائے سیلاب کے ایک اعلیٰ سطح اجلاس سے خطاب کرتے کیا ۔ اراکین صوبائی اسمبلی محمد منشاء اﷲ بٹ ، چودھری محمد اکرام،چودھری ارشد وڑائچ، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو پنجاب جواد رفیق ملک، کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن کیپٹن(ر) محمد آصف ،سیکرٹری پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ پنجاب ، سیکرٹری ایری گیشن پنجاب کیپٹن (ر) سیف انجم ، ایڈیشنل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب ،ڈی جی ریسکیو 1122پنجاب بریگیڈئر ارشد ضیاء ،ڈی سی او سیالکوٹ ڈاکٹر آصف طفیل ، ڈپٹی پولٹیکل سیکرٹری وزیر اعلیٰ پنجاب میاں ذیشان، اے ڈی سی سیالکوٹ ڈاکٹر عمر شیر چٹھہ اور اے سی سیالکوٹ میثم عباس کے علاوہ تمام متعلقہ محکموں کے مقامی حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

ملک ندیم کامران نے محکمہ آبپاشی کے مقامی حکام کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ نالہ ایک اور نالہ ڈیک میں طغیانی سے پڑنے والے تمام چھوٹے شگافوں کوبھی فوری پُر کیا جائے اور بندوں کی مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ ان کی مسلسل نگرانی کی جائے ۔انہوں نے ٹی ایم اے سیالکوٹ کوپی ڈی ایم اے کی جانب سے 25 نئے ڈی واٹر سیٹس کی فراہمی کی ہدایت کی اور کہا کہ وہ ان سیٹس کوفوری طور پر آپریشنل کرکے نشیبی علاقوں سے پانی کے نکاس کیلئے استعمال میں لائیں ۔

انہوں نے کہا کہ نالہ ایک میں شگاف پڑنے سے زیر آب آنے والے علاقوں سے پانی کے اخراج کیلئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں تاکہ شہریوں کے معمولات زندگی کم سے کم متاثر ہو۔ انہوں نے پرونشل ہائی وے ڈیپارٹمنٹ کے مقامی حکام کو ہدایت کی کہ پسرور روڈ اور ظفر وال روڈ سے سیلابی پانی کے نکاس میں حائل ہر قسم کی رکاوٹوں کو ختم کیا جائے اور ان سڑکوں پر ٹریفک کو رواں دواں کیا جائے ۔

انہوں نے کہاکہ ظفر وال روڈ پر پھاٹک کے پاس سڑک کو فوری مرمت کیا جائے تاکہ شہریوں کو گذرنے میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی متاثرین کو معیاری کھانے کے فراہمی کے علاوہ پینے کیلئے منرل واٹر کی بوتلیں بھی فراہم کی جائیں۔ انہوں نے محکمہ لائیو سٹاک کے حکام کو ہدایت کی کہ متاثرہ علاقوں میں مویشیوں کیلئے چارے کا بندوبست کی جائے اور اس کی ہر گز قلت نہ آنے دی جائے ۔

انہوں نے محکمہ صحت کے مقامی حکام کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں موبائل میڈیکل کیمپ بھجوائے جائیں اور تمام موبائل کیمپ میں ڈاکٹرز کی موجودگی کے ساتھ ساتھ تمام ضروری ادویات بالخصوص سانپ اور دیگر جانوروں کے کاٹنے کی ویکسی نیشن ضرور رکھی جائے ۔ انہوں نے کہاکہ متاثرہ علاقوں میں عوام الناس کو وبائی امراض سے بچانے کیلئے آگاہی مہم چلائی جائے اور شہریوں کو پانی ابال کر استعمال کرنے کی ہدایت کی جائے ۔

انہوں نے کہاکہ پانی سے جراثیم کے خاتمہ کیلئے ایکوا ٹیب بھی تقسیم کی جائیں ۔ انہوں نے ضلعی پولیس اور ٹریفک پولیس کے مقامی حکام سے کہا کہ وہ متاثرہ علاقوں میں سیکیورٹی اور ٹریفک کو رواں رکھنے کیلئے خصوصی اقدامات کریں۔ انہوں نے کہاکہ شہریوں کو نالوں میں نہانے اور ان کے اردگرد جمع ہونے سے روکا جائے تاکہ قیمتی جانوں کو ضائع ہونے سے بچا یا جا سکے۔

قبل ازیں ڈی سی او سیالکوٹ ڈاکٹر آصف طفیل نے نالہ ایک اور نالہ ڈیک میں آنے والی طغیانی کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ27جولائی کی شب نالہ ڈیک میں35ہزار102کیوسک اور نالہ ایک میں 38ہزار127کیوسک اچانک ریلاآنے سے کناروں سے پانی باہر نکل آیا جب کہ پانی کے دباؤ سے نالوں میں پڑنے والے شگاف سے قریبی آبادیاں متاثر ہوئیں ۔ انہوں نے بتایا کہ نالہ ایک میں 9مقامات پر شگاف پڑے سے جس سے شفیق دا پٹھہ ،محلہ شجاع آباد، نیکاپورہ کے علاقوں کے گلی محلوں میں 2سے 4فٹ تک پانی جمع ہونے سے تقریبا25ہزار قریب مقامی آبادی کے لوگ متاثر ہوئے جبکہ نالہ ڈیک میں پنجن اور کھیوہ باجوہ میں مقامی پر شگاف پڑنے سے تقریبا25دیہات کی زرعی اراضی پر نالے ڈیک کا پانی پھیل گیا ۔

انہوں نے کہاکہ سیلاب سے شہریوں کی املاک ، مال مویشیوں اور فصلوں کو پہنچنے والے نقصانات کا اندازہ لگانے کیلئے متعلقہ تحصیل کے اسسٹنٹ کمشنر وں کو ہدایت جاری کردی گئی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ متاثرہ علاقوں میں فلڈ کیمپ قائم کردیئے گئے جہاں پر ضروری سامان کی فراہمی کیلئے ملازمین کی ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ پسرور روڈ پرسیلابی پانی کے جمع ہونے پر راہ گیروں کی سہولت کیلئے مفت ٹرانسپورٹ کی سروس بھی شروع کردی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ریسکیو1122نے سیلاب اور بارشی پانی میں پھنسے 57افراد کوریسیکیو کرکے محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔ قبل ازیں صوبائی وزیر ملک محمد ندیم کامران ،اراکین صوبائی اسمبلی محمد منشاء اﷲ بٹ ، چودھری محمد اکرام ،ایس ایم بی آر جواد رفیق ملک ،کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن کیپٹن (ر) محمد آصف نے نالہ ایک میں پڑنے والے شگافوں کا معائنہ کیا اور سیلابی پانی سے متاثر ہونے والے علاقوں دورہ کیا۔

متعلقہ عنوان :