عزاداری سید الشہدا ملت جعفریہ کی شہہ رگ حیا ت ہے، تحفظ کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ‘علامہ سبطین سبزواری

مجالس کے خلاف مقدمات کا اندراج ریاستی دہشت گردی ہے، حکمرانوں کو حساب دینا ہوگا،قائد ملت جعفریہ علامہ ساجد علی نقوی کی عدم تشد د پر مبنی پالیسی کو عوامی حمایت حاصل ہے‘شیعہ علماکونسل کے اجلاس سے خطاب

جمعہ 29 جولائی 2016 20:43

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 جولائی ۔2016ء ) شیعہ علما کونسل پنجاب اور اسلامی تحریک کے صوبائی صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے کہاہے کہ عزاداری سید الشہدا ملت جعفریہ کی شہہ رگ حیا ت ہے، اس کے تحفظ کے لئے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے،پولیس کی طرف سے مجالس کروانے پر مقدمات کا اندراج ریاستی دہشت گردی اور مذہبی معاملات میں مداخلت ہے، جس کا حکمرانوں کو حساب دینا ہوگا۔

حسینیت کو دبانے والے خود مٹ گئے ان کا کوئی نام و نشان باقی نہیں۔ شیعہ علما کونسل ضلع گوجرانوالہ کے اجلاس سے خطاب میں علامہ سبطین سبزواری نے واضح کیا کہ عزاداری صدیوں سے جاری ہے ،جس کے ذریعے یزیدیت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کیا گیا اور یہ عزاداری کے اثرات میں سے ہے کہ اب کوئی یزیدکے حامی ہونے کا دعویٰ نہیں کرتا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ گذشتہ محرم الحرام میں پولیس کی طرف سے عزاداری میں رکاوٹیں کھڑی کی گئیں، جنہیں مسترد کرتے ہوئے شہریوں نے اپنے حسینی ہونے کا ثبوت فراہم کیا ہے اور پیغام دیا کہ کربلا والوں کے غم میں مجالس عزا کے انعقاد کے لئے جان و مال قربان کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قائد ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی کی پالیسی صلح پسندی اور عدم تشد د پر مبنی ہے، جسے عوام کی حمایت حاصل ہے۔ ان کے حکم کے مطابق کسی قسم کا جھگڑا کئے بغیرقربانیاں دے کر اپنے حقوق کا تحفظ کریں گے۔ انتظامیہ فریق نہ بنے۔ حکمران نے نیشنل ایکشن پلان کی آڑ میں پنجاب میں ملت جعفریہ کے خلاف جو کارروائیاں کی ہیں، انہیں مستر د کرتے ہیں اور عزاداری کے تحفظ کے لئے ہر ممکن قربانی دیں گے۔

کوئی کسی غلط فہمی میں نہ رہے، ملت جعفریہ کی قربانیاں پاکستان کے گلی کوچے میں موجود ہیں۔ ہم زندہ قوم ہیں۔ جسے ہر دور میں مصائب کا سامنا رہا ، مگر اہل بیت کی محبت سے کوئی نہیں روک سکا۔انہوں کہا کہ ملی یکجہتی کونسل اور متحدہ مجلس عمل میں اتحاد بین المسلمین کی فضا قائم کرنے میں تحریک جعفریہ کا بڑا کردار ہے، اسے زندہ رکھا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہم مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم قابل مذمت ہیں، عالمی اداروں کو نوٹس لینا چاہیے۔