جہاں حکمران غائب ہوں وہاں بچے لاپتہ ہوتے ہیں‘پنجاب کی بیڈگورننس برانڈ حکومت بچوں کے اغواء کاسلسلہ نہیں روک سکتی

پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرین کے مرکزی رہنما محمد اشرف بھٹی کا تقریب سے خطاب

جمعہ 29 جولائی 2016 20:33

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 جولائی ۔2016ء )پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرین کے مرکزی رہنما محمد اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ جہاں حکمران غائب ہوں وہاں بچے لاپتہ ہوتے ہیں۔ہم غمزدہ ماں باپ کو دکھ کی اس گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑیں گے ۔ پنجاب کی بیڈگورننس برانڈصوبائی حکومت بچوں کے اغواء کاسلسلہ نہیں روک سکتی ۔پیپلزپارٹی کولاہورسمیت پنجاب بھر سے سینکڑوں بچوں کے اغواء پرسخت تشویش ہے ۔

اس بڑے پیمانے پر معصوم بچوں کااغواء پنجاب حکومت کی بد ترین نااہلی اوربدانتظامی کاشاخسانہ ہے۔ مغوی بچوں کی فوری برآمدگی کے سلسلہ میں حکومت کی مجرمانہ غفلت برداشت نہیں کی جائے گی ۔حکمران اپنے اخباری بیانات سے اغواء کاروں کونشان عبرت نہیں بناسکتے،اس کیلئے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمداشرف بھٹی نے مزید کہا کہ یہ ایک دوسرے کی کارکردگی پرتنقید کرنے کاوقت نہیں ، سکیورٹی اداروں کوسرجوڑناہوگا ۔

مغوی بچوں کے ماں باپ کی کیفیت الفاظ میں بیان نہیں کی جاسکتی،مگروہ صبر وتحمل اورامید کادامن تھام کررکھیں۔بچوں کے اغواء کے نتیجہ میں ہرطرف خوف وہراس کی فضا ہے۔انہوں نے کہا کہ بچوں کے اغواء سمیت ہرقسم کی مجرمانہ سرگرمیوں کافوری تدارک ناگزیر ہے۔ مغوی بچوں کی فوری اوربحفاظت برآمدگی کیلئے مختلف خطوط پرمربوط کام کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ اغواء کارمعصوم بچوں کوکس مقصد کیلئے اغواء کررہے ہیں ،اس بات کوسمجھا جائے اورپھر اغواء کاروں تک پہنچنا اورانہیں کیفرکردارتک پہنچاناآسان ہوجائے گا۔

خدانخواستہ بچوں کے اعضاء فروخت کرنے یاجادوٹونے کیلئے توانہیں اغواء نہیں کیا جارہا ۔انہوں نے کہا کہ بھکاری اورکوڑااٹھانے والے بچوں کوسرکاری تحویل میں لے کرتحقیقات کی جائیں توان میں سے بھی کئی مغوی نکل سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں امن وامان کی ابترصورتحال نے شہریوں کی نیندیں حرام کردی ہیں۔ شہریوں کے بنیادی حقوق کی حفاظت کے سلسلہ میں حکمران اپنا فرض اداکرنے میں ناکام رہے ۔