نین سکھ میں سیوریج سسٹم ناکارہ پانی گھروں میں داخل ہورہا ہے،نصیر آرائیں

الیکشن کے دوران سیوریج کیلئے مختص32کروڑمیٹروٹرین منصوبے کی نذر ہوگئے 7 یوم کے اندر سیوریج مسئلہ حل نہ ہوا تو پنجاب اسمبلی کے سامنے احتجاج کرینگے،نائب صدر مسلم لیگ لاہور

جمعہ 29 جولائی 2016 20:32

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 جولائی ۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ ق لاہور کے نائب صدر نصیر آرائیں نے کہا ہے کہ نین سکھ شاہدرہ میں سیوریج سسٹم ناکارہ ہوگیا ہے اور گندہ پانی گھروں میں داخل ہورہا ہے جس سے علاقہ کی مکین انتہائی تکالیف میں مبتلا ہیں انہوں نے کہا کہ علاقہ کے ایم پی اے ملک ریاض اور ناظم یونین کونسل عباس جٹ نے انتخابات کے دوران سیوریج کیلئے 32کروڑ روپے مختص کروائے تھے ۔

(جاری ہے)

لیکن یہ رقم بھی دیگر منصوبوں کی طرح میٹرٹرین منصوبے کی نذر ہوگئے جس سے علاقہ کا مسئلہ جوں کا توں ہے ۔انہوں نے کہا کہ برسات کے موسم میں علاقہ کے مکین انتہائی مشکل میں پڑ جاتے ہیں اور گندے پانی کا نکاس نہ ہونے سے علاقہ میں بیماریاں پھیل رہی ہیں۔نصیر آرائیں نے کہا کہ اگر 7یوم کے اندر اندر علاقہ میں سیوریج کا مسئلہ حل نہ ہوا تو اہل علاقہ پنجاب اسمبلی کے سامنے احتجاج کرینگے اور علاقہ میں سیوریج کے مسئلہ کے حل تک دھرنا دیا جائے گا۔