پنجاب حکومت اور چین کے درمیان 50 معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط ہوئے جن پرعملی طور پر کام ہوگا‘ میں غیرملکی سرمایہ کاروں کا بھی اسی طرح خادم ہوں جس طرح پنجاب کے عوام کا‘ میری ساری جدوجہد اپنے ملک اور عوام کی خوشحالی و ترقی کیلئے ہے،چینی قیادت اور عوام کی محبت نے ہمارے دل جیت لئے ہیں‘ پاکستان میں روزگار بڑھے گا، صنعتیں لگیں گی تو عوام بھی ترقی کریں گے ، سی پیک پاک چین دوستی کے سفر کو نئی بلندیوں پرلے گیا ہے

وزیراعلیٰ پنجاب کی پاکستان روانگی سے قبل جیمو سٹی کے دورے کے دوران چینی سرمایہ کاروں اور میڈیا سے گفتگو

جمعہ 29 جولائی 2016 20:28

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 جولائی ۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ چین کے دورے کے دوران چینی قیادت اور عوام کی محبت نے میرے اور میرے وفد کے اراکین کے دل جیت لئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دورے کے دوران انرجی، ووکیشنل ٹریننگ، ٹیکسٹائل، انفراسٹرکچر اور ٹرانسپورٹ سمیت چین اور پنجاب کے درمیان پہلے سے زیرعمل معاہدوں کی رفتار کا جائزہ لینے کیلئے متعدد کئی اہم معاہدے کئے گئے ہیں۔

وہ آج یہاں پاکستان روانہ ہونے سے پہلے جیموسٹی(Jimo City) کے دورے کے دوران چینی سرمایہ کاروں اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا کہ پنجاب میں توانائی کے منصوبوں پر عملدرآمد کے حوالے سے ’’پنجاب سپیڈ‘‘ کی اصطلاح کا اعزاز میرا نہیں بلکہ پوری پنجاب حکومت اور پنجاب کے عوام کا اعزاز ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت چین کی حکومت اور حکمران پارٹی کے اعتماد پر پورا اترنے کیلئے اپنی پوری توانائیاں صرف کر رہی ہے۔

گارمنٹس کے شعبے میں چینی سرمایہ کاروں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج پوری دنیا میں چین میں تیار کپڑوں کا طوطی بول رہا ہے اور اگر ہم یہ کہیں کہ چین نے اہل مغرب کو اپنا ملبوس پہنا دیا ہے تو غلط نہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب سرمایہ کاری کیلئے بہترین جگہ ہے اور سرمایہ کار یہ بات دھیان میں رکھیں کہ پاکستان میں اگلے برس تک لوڈشیڈنگ پر قابو پایا جا چکا ہوگا اور انہیں اپنی صنعتوں کیلئے وافر بجلی دستیاب ہوگی۔

میڈیا کے ایک سوال کے جواب میں انہو ں نے کہا کہ میں غیرملکی سرمایہ کاروں کا بھی اسی طرح خادم ہوں جس طرح پنجاب کے عوام کا، دراصل میری یہ ساری جدوجہد اپنے ملک اور صوبے کے عوام کی خوشحالی اور ترقی کیلئے ہے۔ پاکستان میں روزگار بڑھے گا، صنعتیں لگیں گی تو عوام بھی ترقی کریں گے اور ان کا معیار زندگی بلند ہوگا۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہمارے وفد کی جس طرح چین کی کیمونسٹ پارٹی نے جس والہانہ انداز میں پذیرائی کی ہے ، اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی اور یہ بے مثال پذیرائی اس امر کا مظہر ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ میں پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے حوالے سے مکمل ہم آہنگی موجود ہے۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور پاک چین دوستی کے سفر کو نئی بلندیوں پرلے گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دورے کے دوران پنجاب حکومت اور چین کے درمیان 50 کے قریب معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط ہوئے ہیں جن میں 20 معاہدے اور باقی مفاہمت کی یادداشتیں ہیں اور یہ روایتی معاہدے نہیں ہیں بلکہ ان پرعملی طور پر تیزی سے عملدرآمد ہوگا۔

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے آج چین کے جیموسٹی میں اکنامک ڈویلپمنٹ زون کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے اکنامک ڈویلپمنٹ زون کے مختلف حصے دیکھے اور ون ونڈو آپریشن کے تحت سروس سینٹر اور انٹرنیشنل پویلین میں خصوصی دلچسپی لی۔وزیراعلیٰ نے سرمایہ کاروں کو جدید سہولتوں کی فراہمی کا جائزہ لیا۔وزیراعلیٰ نے جیمو سٹی میں ٹیکسٹائل و گارمنٹس انڈسٹریز کا بھی دورہ کیا۔

وزیراعلیٰ نے اس موقع پر چینی سرمایہ کاروں اور اعلیٰ حکام سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین کو اپنا ماڈل بنا لیا ہے اورپنجاب میں بھی اسی طرز کے جدید سروس سینٹر قائم کریں گے۔ میں جیمو سٹی میں ٹیکسٹائل و گارمنٹس سٹی میں فراہم کی جانے والی جدید سہولتوں کو دیکھ کر میں بہت متاثر ہوا ہوں اور ہم اسی ماڈل کو پنجاب میں بھی متعارف کرائیں گے۔