وزارت سمندر پار پاکستانی و ترقی انسانی وسائل نے پاکستانی سفارتخانوں میں تعیناتی کیلئے 18 کمیونٹی ویلفیئر اتاشی منتخب کرلئے

جمعہ 29 جولائی 2016 19:56

اسلام آباد ۔ 29 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔29 جولائی ۔2016ء) وزارت سمندر پار پاکستانی و ترقی انسانی وسائل نے بیرون ملک مختلف پاکستانی سفارتخانوں میں تعیناتی کیلئے 18 کمیونٹی ویلفیئر اتاشی منتخب کر لئے ہیں۔ وزارت سمندر پار پاکستانی کے سرکاری ذرائع کے مطابق 11 کمیونٹی ویلفیئر اتاشیوں نے اپنی تعیناتی کے سفارتخانوں پر شمولیت اختیار کر لی ہے جبکہ باقی ماندہ اپنے ویزوں کی توثیق کے منتظر ہیں۔

ان کمیونٹی ویلفیئر اتاشیوں میں سے التمش جنجوعہ کوالالمپور (ملائیشیا)، فضہ نیازی مانچسٹر (برطانیہ)، محمد حنیف چنا نیویارک (امریکہ)، سیّد حیدر اقبال نقوی ایتھنز (یونان)، نجیب الله خان جدہ I سعودی عرب، عمر عباس بارسلونا (سپین)، رضوان صلابت میلان (اٹلی) اور صولت ثاقب دبئی میں تعینات ہوں گے۔

(جاری ہے)

محمد شفیق حیدر کی تعیناتی سیئول (جنوبی کوریا)، باسط مقصود عباسی کی جدہ II سعودی عرب، عبدالشکور شیخ کی ریاض I (سعودی عرب)، محمود لطیف ریاض II سعودی عرب، عاصمہ علی اعوان دبئی II (یو اے ای)، فریحہ خان ابوظہبی (یو اے ای)، حافظ جنید عامر سیال دوحہ (قطر)، سیّدہ رملہ علی مسقط (اومان)، محمد عمر جاوید کویت اور وقاص احمد بغداد (عراق) میں خدمات انجام دیں گے۔

ان اتاشیوں کی تعیناتی خالصتاً میرٹ کی بنیادوں پر ٹیسٹ انٹرویوز کے ذریعے عمل میں لائی گئی ہے جس کیلئے لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز کی خدمات حاصل کی گئی تھیں۔ تحریری ٹیسٹ میں 60 فیصد نمبر حاصل کرنے والوں کو انٹرویو کیلئے بلایا گیا اور وفاقی وزیر کی سربراہی میں قائم کمیٹی نے انٹرویو لئے۔ کمیٹی کے دیگر اراکین میں سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اور ایڈیشنل سیکرٹری وزیراعظم سیکرٹریٹ شامل تھے۔