مسلم لیگ کا حکمراں طبقہ ہاریوں، کسانوں اور مزدوروں کو بھٹی میں جھونکتا رہا ہے،سینیٹر ڈاکٹرکریم خواجہ

جمعہ 29 جولائی 2016 19:45

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 جولائی ۔2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹرڈاکٹر کریم خواجہ اور ایم این اے ڈاکٹر شاہدہ رحمانی نے پنجاب میں حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ ن کے عہدیداروں کی نجی جیلوں اور ٹارچر سیلوں کی دریافت اور معصوم شہریوں کو ان عقوبت خانوں میں انسانیت سوز سلوک کا نشانہ بنائے جانے پر اپنے شدید غم وغصے کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان ٹارچر سیلوں اور عقوبت خانوں کے انکشاف سے یہ بات بھی پایہ ثبوت کو پہنچ چکی ہے کہ مسلم لیگ کا حکمراں طبقہ ہاریوں، کسانوں اور مزدوروں کو بھٹی میں جھونکتا رہا ہے۔

(جاری ہے)

پی پی پی میڈیا سیل سندھ سے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اگر اس نوعیت کے عقوبت خانے سندھ میں دریافت کئے جانے کو سندھ کے خلاف طوفان برپا کر دیا جاتالیکن پنجاب میں دن دہاڑے خواتین اور بچوں پر تشدد، شہریوں کو عقوبت خانوں میں اذیت دینامعمول کی بات سمجھ کر نظر انداز کیا جارہا ہے۔ انہوں نے انسانی حقوق کی تنظیموں، سول سوسائٹی اور وکلا برادری سے اپیل کی کہ وہ پنجاب میں عقوبت خانوں پر آواز اٹھائیں اور ان عقوبت خانوں کے سرپرستوں کو قانون کے کٹہرے میں لانے میں اپنا کردار ادا کریں۔