بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو کم آمدنی والے یتیموں، بیواؤں اور معذروں کیلئے کوئی پروگرام شروع کرنے کے اقدامات اٹھانے چاہئیں،احسن اقبال

اقتصادی ترقی کیلئے انسانی وسائل کی ترقی بہت ضروری ہے،ذہنی غربت اور مایوسی سے نمٹنا زیادہ بڑا چیلنج ہے یہی وجہ ہے ہمارے معاشرے میں تفریق پائی جاتی ہے، پاکستان کو 2025 تک دنیا کی پہلی 25 معیشتوں میں شامل کرنا ہے،تقریب سے خطاب

جمعہ 29 جولائی 2016 19:42

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 جولائی ۔2016ء) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو کم آمدنی والے یتیموں، بیواؤں اور معذروں کیلئے کوئی پروگرام شروع کرنے کے اقدامات اٹھانے چاہئیں، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا حقیقی ویلفیئر اسٹیٹ بننے کیلئے یہ ضروری ہے، ذہنی غربت اور مایوسی سے نمٹنا زیادہ بڑا چیلنج ہے اور یہی وجہ ہے کہ ہمارے معاشرے میں تفریق پائی جاتی ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار بی بی آئی ایس پی کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔تقریب میں چئیرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ ماروی میمن اور وائس چانسلر پائیڈ ڈاکٹر اسد زمان نے شرکت کی۔وفاقی وزیر احسن اقبال نے بی آئی ایس پی کی غربت کو ختم کرنے کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ڈیٹا کو استعمال کر کے پالیسی ساز میں مدد ملی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اقتصادی ترقی کے لئے انسانی وسائل کی ترقی بہت ضروری ہے۔۔ان کا کہنا تھا کہ انسانی وسائل کی ترقی وژن 2025 کا پہلا ستون ہے اور حکومت اس کی ترقی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لانے کے لئے کوشاں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بیسویں صدی سیاسی نظریا ت کی صدی تھی جبکہ اکسیویں صدی اقتصادی نظریات کی صدی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اقتصادی طورپر کمزور قوم ہی ناکام قوم ہوتی ہے۔

احسن اقبال نے کہا اقتصادی ترقی اور دولت کی مساوی تقسیم غربت کو ختم کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ دو ہزار تیرہ میں عالمی میڈیا پاکستان کو خطرناک ملک قرار دے رہا تھا وہی میڈیا آج پاکستان کو سرمایہ کاری کے لئے موزوں قرار دے رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ تمام اعشاریے اس بات کا ثبوت ہے کہ دو ہزار سولہ کا پاکستان دو ہزار تیرہ کے پاکستان سے بہت بہتر ہے۔احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کو 2025 تک دنیا کی پہلی 25 معیشتوں میں شامل کرنا ہے۔

متعلقہ عنوان :