پنجاب سرمایہ کاری و تجارت بورڈنے صوبے میں پانچ ارب ڈالر کی سرمایہ کاری یقینی بنانے کیلئے بین الاقوامی کمپنی گریس ریفائنری کے ساتھ مفاہمتی یادداشت دستخط کر دئیے

جمعہ 29 جولائی 2016 19:11

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 جولائی ۔2016ء) پنجاب سرمایہ کاری و تجارت بورڈ(پی بی آئی ٹی)نے صوبے میں پانچ ارب ڈالر کی سرمایہ کاری یقینی بنانے کے لئے بین الاقوامی کمپنی گریس ریفائنری کے ساتھ مفاہمتی یادداشت دستخط کر دی۔ بورڈ کے صدر دفتر میں جمعہ کو مفاہمتی یاداشت دستخط کرنے کی تقریب منعقد کی گئی جس میں پی بی آئی ٹی کی چیف ایگزیکٹیو افسر آمنہ چیمہ اور گریس ریفائنری کی چیف ایگزیکٹیو افسر عظمیٰ بشیر نے اپنے اپنے اداروں کی جانب سے یاداشت پر دستخط کئے۔

مذکورہ معاہدے کے تحت گریس ریفائنری جنوبی پنجاب کے پسماندہ اضلاع میں پانچ ارب ڈالر کی سرمایہ کاری سے ریفائنری نصب کرے گی، جس سے تقریباً 50 سے70ہزار افراد کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔

(جاری ہے)

مفاہمتی یاداشت دستخط کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پی بی آئی ٹی کی سربراہ آمنہ چیمہ نے کہا کہ بین الاقوامی کمپنی کی جانب سے پیٹروکیمیکلز کے شعبے میں پانچ ارب ڈالرکی سرمایہ کاری ملکی تاریخ میں اس شعبے میں ہونے والی بڑی سرمایہ کاری ہے، جس کا تمام تر سہرا وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کو جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سرمایہ کاری دوست معاشی پالیسیاں وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کی عکاس ہیں۔ آمنہ چیمہ نے کہا کہ مذکورہ مفاہمتی یادداشت کے تحت پی بی آئی ٹی گریس ریفائنری کو سرمایہ کاری سے متعلق تمام خدمات ایک ہی چھت تلے فراہم کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ گریس ریفائنری پاکستان خصوصاً پنجاب میں پیٹرو کیمیکلز، آئل مارکیٹنگ اور پاور جنریشن کے شعبوں میں کام کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

گریس ریفائنری کی چیف ایگزیکٹیو افسر عظمیٰ بشیر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پنجاب حکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں کو سراہا۔ انہوں نے بتایا کہ گریس ریفائنری پنجاب میں تقریباً سوا دولاکھ بیرل یومیہ پیداواری صلاحیت کی ریفائنری نصب کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی کمپنی پاکستان میں پہلی مرتبہ یورو6سٹینڈرڈ کی جدید ترین یرفائنری نصب کر نے جا رہی ہے، جو ماحول دوست ایندھن تیار کرے گی۔

پٹرولیم مصنوعات کو مقامی طور پر ریفائن کرنے کی صلاحیت بڑھنے سے پاکستان میں تیل کے درآمدی بل میں کمی واقع ہو گی جس سے زرمبادلہ بھی بچے گا اور ملک میں روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ انہوں نے پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کی جانب سے سرمایہ کاروں کی معاونت اور رہنمائی پر پی بی آئی ٹی انتظامیہ اور صوبائی سیکرٹری صنعت خالد شیر دل کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر گریس ریفائنری کے چئیرمین ایس ایم غوث اور دیگر اعلیٰ افسر بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :