بجلی کی قیمتوں میں 2.80روپے فی یونٹ کمی خوش آئند ‘خادم حسین

بجلی کی قیمتوں میں کمی سے صنعتکاروں وعوام کو ریلیف اورمہنگائی کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی‘ سینئر نائب صدر فیروز پور بور ڈلاہور

جمعہ 29 جولائی 2016 19:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 جولائی ۔2016ء)فیروز پور بورڈ لاہور کے سینئر نائب صدر وایگزیکٹو ممبرلاہور چیمبرز آف کامرس خادم حسین نے نیپرا کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں جون کے لیے 80 2. روپے فی یونٹ کمی کو خوش آئند قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کمی کو صرف ایک ماہ تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ یہ کمی مستقل بنیادوں پر کی جائے کیونکہ سابقہ ادوار میں پٹرولیم مصنوعات کو جواز بنا کر مستقل بنیادوں پر بجلی کی فی یونٹ قیمتوں میں اضافہ کیا جاتا رہا ہے جس سے صنعتی مقاصد کیلئے بجلی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوچکا ہے ۔

خادم حسین نے کہا کہ پن بجلی کی بڑھتی پیدوار اور فرنس آئل کی قیمتوں میں کمی کے باعث مزید کمی کی جائے ۔انہوں نے کہا کہ صنعتی مقاصد کیلئے بجلی کی قیمتوں میں اضافوں سے صنعتکار اور عوام پریشانی کا شکار ہیں کیونکہ مہنگی بجلی کے باعث مہنگی پیداوار اور مہنگائی میں اضافہ ہوتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی ہر ماہ کی بجائے مستقل بنیادوں پر کی جائے ۔انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی سے صنعتکار،تاجر و عوام کو ریلیف اورمہنگائی کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی۔ بجلی سستی ہونے کے باعث پیداواری لاگت میں کمی واقع ہوگی اور اس کمی کا ریلیف عوام تک بھی منتقل ہوگا اور انہیں سستی اشیاء فراہم ہونگی۔