سوئس بینکوں میں قوم کی لوٹی ہوئی دولت تک رسائی کا وزیرخزانہ کا بیان خوش آئند ہے ‘ افتخار بشیر

عوامی ٹیکسوں کی اربوں روپے کی سوئس بنکوں میں رقم قوم کی امانت ہے ‘صدرگرائنڈنگ ملز ایسویسی ایشن

جمعہ 29 جولائی 2016 19:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 جولائی ۔2016ء)صدر گرائنڈنگ ملز ایسوسی ایشن پاکستان چوہدری افتخار بشیر نے کہا ہے کہ سوئس بینکوں میں قوم کی لوٹی ہوئی دولت تک رسائی کا وزیر خزانہ کا بیان خوش آئند ہے ،سوئس بینکوں کی رقم کی واپسی سے قوم کو قرضوں و ٹیکسوں سے نجات مل جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری اپنے خون پسینے کی کمائی سے ٹیکس ادا کرکے حکومتی ریونیو میں اضافہ کرتے ہیں تاکہ ترقیاتی کاموں کے ساتھ ساتھ دیگر حکومتی امور باآسانی سرانجام پاسکیں ۔

عوامی ٹیکسوں کی اربوں روپے کی سوئس بنیکوں میں موجود رقم قوم کی امانت ہے جسے واپس لایا جانا انتہائی ضروری ہے۔

(جاری ہے)

افتخار بشیر چوہدری نے کہا کہ سوئس بنیکوں میں پاکستانیوں کے فرضی اور بے نام اکاؤنٹس میں اربوں کھربوں روپے کی رقم موجود ہے جسے واپس لاکر پاکستانی عوام کے فلاح و بہبود پر خرچ کیا جائے انہوں نے کہا کہ سوئس حکام کے ساتھ معاہدے کے تحت دونوں ممالک ٹیکس دہندگان اور ان کے بینک اکاؤنٹس بارے معلومات کے تبادلے کرینگے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں لایا جائے انہوں نے کہا کہ سوئس بنکوں کی رقم قرضوں کی ادائیگی کے لیے استعمال میں لائی جائے تاکہ ملک پر بڑھتے ہوئے قرضوں کا لوڈ کم ہوسکے۔اور حکومت کو گردشی قرضوں سے نجات مل سکے۔