ڈسکہ‘سرکل پولیس نے قتل کے 7اندھے پرانے مقدمات ٹریس آؤٹ کرلئے‘ ملزمان گرفتار

جمعہ 29 جولائی 2016 19:08

ڈسکہ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 جولائی ۔2016ء ) ڈسکہ سرکل پولیس نے قتل کے سات اندھے پرانے مقدمات ٹریس آؤٹ کر کے ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ یہ بات ڈی پی او سیالکوٹ ڈاکٹر عابد خان نے یہاں اخبار نویسوں سے دوران گفتگو بتائی۔ ڈی ایس پی ڈسکہ لعل محمد کھوکھر اور سینئر ممبر ضلعی امن کمیٹی سیالکوٹ ظفر ملک بھی اس موقع پر موجود تھے۔

ڈی پی او نے بتایا کہ ڈسکہ پولیس نے موضع کانواں لٹ ڈسکہ میں 17,18جون2016 کی درمیانی شب نسرین بی بی کو قتل کرنے والے ملزمان عمران اور کامران کو گرفتار کر لیا ہے۔ ملزمہ نازیہ بی بی نے اپنے ساتھی ملزمان ارشاد بی بی(نائیکہ)، قدیر اور ریاست وغیرہ کے ساتھ مل کر 12جولائی 2016کو مندرانوالہ، ڈسکہ میں اپنے خاوند افتخار احمد کو قتل کر کے نعش کوڑے کے ڈھیر میں پھینک دی تھی۔

(جاری ہے)

ملزمان عباس اور عبدالوحید نے موضع فضل آباد، موترہ میں ثمینہ بی بی کو 25مارچ 2016کو قتل کر کے نعش جھاڑیوں میں پھینک دی تھی۔ ملزمان فریاد، مراد، شہزاد، کنیز بی بی، طاہرہ اور اشتیاق وغیرہ نے معمولی تنازعہ پر موضع آڈھا میں نوجوان فیصل کو قتل کر دیا تھا۔ ملزمان دلبر، آصف، کلثوم، حامد، افضل اور اکبر وغیرہ نے یکم مارچ 2016کو دیرینہ رنجش پر میاں بیوی محمد عمران اور زبیدہ بی بی کو موضع بوبکانوالہ، ڈسکہ میں قتل کر کے ان کی نعشیں کوڑے کے ڈھیر میں چھپا دی تھیں۔

جبکہ ملزم اسامہ سکنہ بھوپالوالہ نے کنڈن سیان کے رہائشی اپنے تین قریبی دوستوں ربیع، حامد اور زین کو24جون2016کی درمیانی شب موضع ملیانوالہ، بمبانوالہ میں قتل کر کے ان کی نعشیں نہر بی آر بی ڈسکہ کی پٹڑی کے پاس پھینک دی تھیں۔ ڈی پی او نے قتل کے یہ سات اندھے مقدمات ٹریس آؤٹ کرنے اور ملزمان کو گرفتار کرنے پر پولیس پارٹی کے لئے نقد انعامات اور تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :