لاہور،کرنٹ لگنے سے ایک ہی خاندان کے تین افراد جاں بحق،ماں بیٹازخمی

گھر کے اوپر سے گزرتی بجلی کی تاروں نے گھر اجاڑ دیا ، باپ، بیٹا اور بیٹی جاں بحق ،وزیراعلیٰ پنجاب نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے انتظامیہ سے رپورٹ طلب کر لی

جمعہ 29 جولائی 2016 19:05

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 جولائی ۔2016ء) لاہور کے علاقے شاہدرہ میں کرنٹ لگنے سے ایک ہی خاندان کے تین افراد جاں بحق ہو گئے ، دو کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ یہ افسوسناک واقعہ لاہور کے علاقے شاہدرہ میں پیش آیا جہاں ایک گھر کی چھت پر رکھی چارپائی اٹھاتے ہوئے اوپر سے گزرنے والی بجلی کی تاروں سے جا ٹکرائی ، بیٹی کو بچانے کے لیے باپ اور بھائی لپکے لیکن بجلی کے کرنٹ نے تینوں کی ہی جان لے لی۔

(جاری ہے)

چیخیں سن کر ماں اور دوسرا بیٹا چھت پر پہنچے تاہم وہ بھی کرنٹ لگنے سے جھلس گئے زخمیوں کو بعد ازاں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ جاں بحق ہونے والوں میں 60 سالہ شریف، اس کا 30 سالہ بیٹا اشفاق اور 18 سالہ بیٹی مقدس شامل ہیں جبکہ 25 سالہ نواز کی حالت تشویشناک ہے۔ لاشوں اور زخمیوں کو شاہدرہ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ھے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق واقعہ گھر کے اندر کرنٹ لگنے سے پیش آیا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے انتظامیہ سے رپورٹ طلب کر لی۔