قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آبادکی گولڈن جوبلی تقریبات کے حوالے سے اسلام آباد کلب میں عید ملن پارٹی کا اہتمام

یونیورسٹی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کوپورا کرنے کے لئے بھرپور توجہ دی جارہی ہے ،یونیورسٹی نے بہترین کار کردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جامعات کی بین الاقوامی درجہ بندی میں نمایاں مقام حاصل کیا ہے اور پاکستان کی بہترین جامعہ کا اعزاز بھی برقرار رکھا ہوا، وائس چانسلر ڈاکٹرجاوید اشرف کا تقریب سے خطاب

جمعہ 29 جولائی 2016 18:53

اسلام آباد ۔ 29 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔29 جولائی ۔2016ء) قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آبادکی گولڈن جوبلی تقریبات کے حوالے سے قائد اعظم یونیورسٹی ایلومنائی ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام عید ملن پارٹی کا اہتمام اسلام آباد کلب میں کیا گیا جس کی صدارت ایلومنائی ایسوسی ایشن کے صدر سکندر احمد رائے نے کی جبکہ وائس چانسلرقائد اعظم یونیورسٹی ڈاکٹرجاوید اشرف ،سابق وائس چانسلر ڈاکٹر محمد قاسم جان ،صدر اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن ڈاکٹر محمد آصف، منیجر سکالر شپ پروگرام چوہدری ذوالفقار علی ودیگر نے تقریب سے خطاب کیا۔

اس موقع پرقائد اعظم یونیورسٹی ایلومنائی ایسوسی ایشن کی جانب سے یونیورسٹی کی 400ایکڑ سے زائد زمین پر قبضہ مافیہ کے خلاف تحریک چلانے ،انڈوومنٹ فنڈ ،خصوصی ڈائری کے اجرا ء جبکہ ملکی و بین الاقوامی سطح پر اعلیٰ خدمات سر انجام دینے والے اولڈ سٹو ڈنٹس کے لئے ایواڈز کا اعلان بھی کیا گیا ،تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر جاوید اشرف نے کہا کہ یونیورسٹی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کوپورا کرنے کے لئے بھرپور توجہ دی جارہی ہے اور اس سلسلے میں المنائی کا تعاون سے ان مسائل کو حل کرنے میں کافی مدد ملے گی،انہوں نے کہا کہ مخصوص اور کم وسائل کے باو جود یونیورسٹی نے بہترین کار کردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جامعات کی بین الاقوامی درجہ بندی میں نمایاں مقام حاصل کیا ہے اور پاکستان کی بہترین جامعہ کا اعزاز بھی برقرار رکھا ہوا ہے،ایلومنائی ایسوی ایشن کے سیکر ٹری جنرل محمد مرتضیٰ نور نے ایلومنائی ایسو سی ایشن کی کارکردگی پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ایلومنائی ایسوسی ایشن مستحق طلبا ء کی سکالر شپ اور فارغ التحصیل طلباء کی ملازمت کے حصول جیسی کئی خدمات سر انجام دے رہی ہے ، صدر ایلومنائی ایسوسی ایشن سکندر احمد رائے نے کہا کہ ایلومنائی ایسوسی ایشن اپنی مادر علمی کے مسائل کے حل کے لئے یونیورسٹی انتظامیہ کے ساتھ ہر ممکن تعاون کا سلسلہ جاری رکھے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کی 50سالہ گراں قدر خدمات کے اعتراف میں وفاقی حکومت یونیورسٹی کے لئے سپیشل پیکج کا اعلان کرے ، ان کی جانب سے یونیورسٹی کو فلیگ شپ کیمپس قرار دئیے جانے کا بھی مطالبہ کیا گیا ، تقریب کے اختتام پر یونیورسٹی کے سابق ملازمین کو ان کی خدمات پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے پھولوں کے گلدستے پیش کئے گئے۔